ملک میں 18اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی کی شرح 41.13 ریکارڈ
ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دئیے
اسلام آباد( ویب نیوز)ملک میں مہنگائی کی شرح 41 اعشاریہ 13 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی ہے جب کہ 18اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جس کے مطابق گزشتہ ہفتے 18 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 12 اشیا سستی اور 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.06 فیصد کی معمولی کمی ہوئی، اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 41.13 فیصد ریکارڈ ہوئی۔ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ہفتے لہسن فی کلو 26 روپے مہنگا ہوا، پیاز کی فی کلو قیمت میں 3 روپے کا اضافہ ہوا، اور زندہ مرغی فی کلو 6 روپے مہنگی ہوئی، دال مسور 3 روپے، دال مونگ اور دال چنا ایک ایک روپے مہنگی ہوئی۔رپورٹ کے مطابق 20 کلو آٹے کا تھیلا 16 روہے مہنگا ہوا، آگ جلانے والی لکڑی 6 روپے مہنگی ہوئی، ماچس کی ڈبیہ، سرسوں کا تیل اور آلو بھی مہنگی ہونے والی اشیا میں شامل ہے۔ادارہ شماریات نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ٹماٹر فی کلو 9 روپے سستے ہوئے، کھانے کا گھی 2.5 کلو 20 روپے سستا ہوا، انڈے فی درجن 2 روپے اور کھلا دودھ 1 روپے سستا ہوا، جب کہ سگریٹ، چینی اور کیلے بھی سستی ہونے والی اشیا میں شامل ہے۔۔