پاکستان اور کویت کے درمیان مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے 7معاہدوں اور 3مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط
کویت سٹی ( ویب نیوز)
پاکستان اور کویت نے تحفظ خوراک، زراعت، پن بجلی، معدنیات سمیت مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے 7معاہدوں اور 3مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں۔ بدھ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کویت کے فرسٹ ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ طلال الخالد الاحمد الصباح سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔دونوں رہنماوں نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور برادرانہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کر کے مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔دونوں رہنمائوں نے دونوں ممالک کے درمیان 7 معاہدوں اور 3 مفاہمت کی یادداشتوں کی تقریب میں شرکت کی۔ریاست کویت کی جانب سے پاکستان کے مختلف شعبوں بشمول فوڈ سکیورٹی،زراعت، پن بجلی، پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی اور کان کنی کی سرگرمیوں میں تعاون کیلئے کان کنی فنڈ کا قیام، ٹیکنالوجی زونز ڈویلپمنٹ اور مینگروو کے تحفظ سمیت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے 7 معاہدوں اور ثقافت اور آرٹ ، ماحولیات اور پائیدار ترقی کے شعبوں میں تعاون کیلئے 3 مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے۔دونوں رہنماوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی رفتار پر انتہائی اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے قریبی رابطے میں رہنے اور پاکستان اور کویت تعلقات کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے کے لئے تیز رفتار اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے کویت کے ساتھ ان معاہدوں کو ان کامیابیوں میں ایک اور سنگ میل قرار دیا جو خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے پلیٹ فارم سے ملک کے لئے سامنے آرہی ہیں۔وزیر اعظم نے کویت کے امیر شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کی صحت یابی کے لئے بھی دعا کی۔۔