تحریکِ انصاف کورکمیٹی نے عبوری پارٹی چیئرمین کے لئے بیرسٹر گوہر کے نام کی توثیق کردی
نیازاللہ نیازی انٹراپارٹی الیکشن کے لئے چیف الیکشن کمشنر مقرر
اسلام آباد (ویب نیوز) تحریکِ انصاف کی کورکمیٹی کے خصوصی اجلاس میں انٹراپارٹی الیکشنز کی تیاریوں کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی گئی ہے ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق کورکمیٹی نے انٹراپارٹی انتخابات کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے بطور عبوری چیئرمین نامزدگی پر بیرسٹر گوہر علی خان کو مبارکباد دی گئی ہے ۔ انٹراپارٹی انتخابات میں کامیابی اور بعد ازاں بانی چیئرمین عمران خان کے ویژن کی روشنی میں جماعتی امور کی انجام دہی کے حوالے سے بیرسٹر گوہر علی خان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے ۔ بیرسٹر گوہر علی خان کی نامزدگی جماعت کی صفوں میں تقسیم و انتشار کا تاثر قائم کرنے کی سوچی سمجھی کاوشوں پر کاری ضرب قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان کے موروثی سیاست کے خاتمے اور پارٹی کو ادارہ بنانے کے ویژن کی تائید و توثیق ہوئی ہے،عمران خان کے اہلِ خانہ کو بیجا سیاست میں گھسیٹنے اور جماعتی معاملات میں مداخلت یا فیصلہ سازی پر اثر انداز ہونے کا جھوٹا، من گھڑت اور سازشی بیانیہ اپنی موت آپ مر چکا ہے، نہایت غیرمعمولی حالات میں نہایت اہم منصب پر جماعت کے ایک محنتی، وفاشعار اور قابل کارکن کی نامزدگی بانی چیئرمین کے جماعت کے حوالے سے ویژن کی بیمثال عملی نظیر ہے، نیازاللہ نیازی کی بطور چیف الیکشن کمشنر پاکستان تحریک انصاف تعیناتی پر مبارکباد دی گئی ہے ۔ نیاز اللہ نیازی کی جانب سے بطور چیف الیکشن کمشنر طے شدہ شیڈیول کے مطابق انٹراپارٹی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ مکمل اتحاد و یگانگت سے یک جان ہوکر اپنے حقیقی اہداف کی جانب بڑھیں گے اور بانی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں قومی انتخابات میں بے مثال کامیابی کے ذریعے آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور ملک کی حقیقی آزادی کی تاریخی جدوجہد کو منزل سے ہمکنار کریں گے،