عام انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کو 17 ارب 40 کروڑ روپے جاری
یہ رقم جولائی 2023 میں جاری کردہ 10 ارب روپے کی رقم کے علاوہ ہے فنانس ڈویژن
اسلام آباد( ویب نیوز)
وفاقی حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ملک میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے 17 ارب 40 کروڑ روپے جاری کردیے۔فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ رقم جولائی 2023 میں جاری کردہ 10 ارب روپے کی رقم کے علاوہ ہے۔اس میں کہا گیا کہ جاری کردہ رقم کے بعد الیکشن کمیشن کو جاری کردہ فنڈز 27 ارب 40 کروڑ روپے ہوگئی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فنانس ڈویژن، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ضرورت کے مطابق فنڈز کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔خیال رہے کہ 3 نومبر کو سپریم کورٹ میں پیش کیے گئے نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن، 8 فروری 2024 کو عام انتخابات کے لیے پولنگ کی تاریخ کا اعلان کرتا ہے۔یہ پیش رفت سپریم کورٹ میں ملک میں عام انتخابات 90 روز میں کرانے کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت کے دوران سامنے آئی تھی، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی۔قبل ازیں، 17 اگست کو الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل مردم شماری 2023 کے شائع سرکاری نتائج کے مطابق نئی حلقہ بندیاں کرنے کا فیصلہ کیا، اس تازہ مردم شماری کو پی ڈی ایم کی سابقہ حکومت نے 10 اگست کو قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے سے چند روز قبل نوٹیفائی کیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے انعقاد کے لیے فوری طور پر درکار رقم کے اجرا میں تاخیر پر اظہار تشویش کے بعد وزارت خزانہ نے الیکشن کمیشن کو ایک یا 2 روز میں 17 ارب روپے جاری کرنے کی یقین دہانی کرادی تھی۔