شیر افضل مروت کی باجوڑ میں گرفتاری، کارکنوں کے احتجاج پر رہائی
چکدرہ( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر اور قانون دان ایڈووکیٹ شیر افضل مروت کو چکدرہ میں گرفتار کرلیا گیا تاہم کارکنوں کے احتجاج کے بعد پولیس نے انہیں رہا کرتے ہوئے باجوڑ سے واپس جانے کی ہدایت کردی۔ پی ٹی آئی کے نائب صدر شیر افضل مروت نوشہرہ میں منعقدہ پی ٹی آئی ورکرز کنونشن میں شرکت کے لیے پولیس کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹیں عبور کرکے پہنچے تھے اور وہ ہفتہ کو باجوڑ میں منعقد ہونے والے ورکرز کنونشن میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔پی ٹی آئی کے ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ شیر افضل مروت کو باجوڑ جاتے ہوئے راستے میں گرفتار کیا گیا۔ان کی گرفتاری کی خبریں سامنے آنے پر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے چکدرہ روڈ کو بند کردیا اور ان کی رہائی تک دھرنے کا اعلان کیا۔ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کو سوات پولیس نے گرفتار کیا اور اس تمام کارروائی کی نگرانی ڈی ایس پی نے کی، گرفتاری کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔اطلاعات کے مطابق انہیں گرفتار کیا گیا تاہم کچھ دیر بعد انہیں چھوڑ دیا گیا اس دوران احتجاج جاری رہا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے شیر افضل مروت کو کنونشن میں شرکت سے روکتے ہوئے واپس جانے کی ہدایت کی ہے۔دریں اثنا شیر افضل مروت نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا ہے کہ محفوظ مقام پر ہوں ہفتے کو باجوڑ کنونشن سے خطاب کروں گا،ادھر خیبرپختونخوا پولیس نے عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت کی گرفتاری کی پاکستان تحریک انصاف کے دعوے کی تردید کردی۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل مالاکنڈ نے کہا کہ شیر افضل مروت کو گرفتار نہیں کیا گیا۔۔