چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم اور کور کمیٹی کے غداروں نے میری جان خطرے میں ڈال دی ، شیر افضل مروت

لیگل ٹیم کی زوم میٹنگز کی تفصیلات اور ریکارڈنگز باہر کے لوگوں کے ساتھ شیئر کی گئیں،میں پہلی بار روپوش ہوا ہوں

کور کمیٹی میں غداروں کی موجودگی کسی شک و شبہ سے بالاتر ہے، اجلاسوں کی ریکارڈنگ مخالفین اور میڈیا والوں تک پہنچائی

کسی بھی وقت پکڑا جاسکتا ہوں، اپنا تعاقب کرنے والوں کے بارے میں پارٹی کے لوگوں کو بتایا اور پیغامات بھی ریکارڈ کرائے

لاپتا ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کے لیے ان کے نام وکلاء کے ایک گروپ کو بھیج چکا ہوں، ممبر کور کمیٹی اور ترجمان لیگل افیئرز

اسلام آباد(ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کی اندرونی لڑائی منظرِ عام پر آگئی۔ اس حوالے سے کور کمیٹی کے ممبر اور ترجمان لیگل افیئرز شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم اور کور کمیٹی کے غداروں نے میری جان خطرے میں ڈال دی ہے۔ شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی میں غداروں کی موجودگی کسی شک و شبہ سے بالاتر ہے، غداروں نے کور کمیٹی اجلاسوں کی ریکارڈنگ مخالفین اور میڈیا والوں تک پہنچائی۔ انہوں نے کہا ہے کہ لیگل ٹیم کی زوم میٹنگز کی تفصیلات اور ریکارڈنگز باہر کے لوگوں کے ساتھ شیئر کی گئیں، غداروں کے اس عمل نے میری زندگی اور آزادی کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ میں پہلی بار روپوش ہوا ہوں اور مجھے کسی بھی وقت پکڑا جاسکتا ہے، اپنا تعاقب کرنے والوں کے بارے میں پارٹی کے لوگوں کو بتایا اور پیغامات بھی ریکارڈ کرائے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز مجھے روپوش ہونا پڑا لیکن میں نے اپنا پیچھا کرنے والوں کی شناخت کرلی ہے، لاپتا ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کے لیے ان کے نام وکلا کے ایک گروپ کو بھیج چکا ہوں۔ شیر افضل مروت کا یہ بھی کہنا ہے کہ پارٹی کے قریبی حلقوں کے لوگوں پر بھروسہ کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، پارٹی کے متعلقہ افراد نے اجازت دی اور میں شکار ہونے سے بچ گیا تو جلد غداروں کے نام سامنے لے آؤں گا۔