لطیف کھوسہ کی پیپلز پارٹی سے راہیں جدا،پی ٹی آئی میں شا مل ہوگئے
سا بق چیئرمین پی ٹی آئی کی خواہش پر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر رہا ہوں، صرف ملک اور جمہوریت کے مفاد میں یہ فیصلہ کیا ہے
میں نے وکالت اور سیاست عبادت سمجھ کر کی ہے، سچ کی آواز شدت سے بلند کرنے کیلئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا
امید ہے نفرتوں کی سیاست ختم ہو گی،جب جب آئین سے انحراف کیا ریاست اور آئین کو نقصان پہنچا،میڈیا سے گفتگو
لاہور(صباح نیوز) سابق گورنر پنجاب اور سینئر وکیل سردار لطیف کھوسہ نے پاکستان پیپلز پارٹی سے برسوں پرانی رفاقتیں ختم کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر لی۔ لاہور میں سردار لطیف کھوسہ نے پریس کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی خواہش پر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہا ہوں، صرف ملک اور جمہوریت کے مفاد میں یہ فیصلہ کیا ہے۔سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ میں نے وکالت اور سیاست عبادت سمجھ کر کی ہے، سچ کی آواز شدت سے بلند کرنے کیلئے پی ٹی آئی میں شمولیت کا فیصلہ کیا، پاکستان کیلئے محبت، امن اور بھائی چارے کے سفر کے آغاز کی دعوت دیتا ہوں، پاکستان کے عوام ہی کو مقتدر کرنا آئین کی منشا ہے، امید ہے نفرتوں کی سیاست ختم ہو گی، آئین ایسا عمرانی معاہدہ ہے جس میں تمام فلاحی مملکتوں کے خدوخال ہیں، جب جب آئین سے انحراف کیا ریاست اور آئین کو نقصان پہنچا ۔سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ یہ ادارے ہمارے ادارے ہیں، یہ فوج ہماری فوج ہے، آئین میں تمام اداروں کی حدودو قیود متعین ہیں، آئین میں درج ہے کہ فوج سرحدوں کی محافظ ہے اور عوام کے ٹیکسز سے ان کو تنخواہیں ملتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ججز کے فرائض میں ہے کہ وہ انصاف فراہم کریں، قانون پر عملداری، آئین کی پاسداری کرنے والا امر ہو جاتا ہے، توقع کرتے ہیں کہ عدلیہ برابر کا انصاف کرے گی، 25 کروڑ عوام آپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔