نواز، زرداری اور یوسف گیلانی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت 4 جنوری تک ملتوی، نیب سے رپورٹ طلب
احتساب عدالت اسلام آباد نے تفتیشی افسر کوآئندہ سماعت پر عدالت پیش ہونے کا نوٹس جاری کردیا
یوسف رضا گیلانی انتخابی مہم چلانے کے باعث پیش نہیں ہوسکتے، وکیل صفائی نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی
عدالت نمبر3 کا کیس ہے جلد جج صاحب بھی آجائیں گے، تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر پیش ہوں، عدالت
عدالت کو آصف زرداری و دیگر ملزمان کیخلاف پارک لین ریفرنس پر سماعت کا دائرہ اختیار ہے یا نہیں ؟، آئندہ سماعت پر دلائل سن کر فیصلہ کردیں گے، جج محمد بشیر
اسلام آباد( ویب نیوز)
احتساب عدالت اسلام آباد نے نوازشریف، آصف زرداری، اور یوسف گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت 4جنوری تک ملتوی کردی،، عدالت نے چار جنوری تک نیب سے رپورٹ طلب بھی کرلی ۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آصف زرداری،نوازشریف اور دیگر کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں سے متعلق ریفرنس سماعت کی ، نوازشریف کے وکیل قاضی مصباح اور پلیڈر رانا عرفان عدالت پیش ہوئے جبکہ سپیشل پراسیکیوٹر نیب عرفان بھولا اور سہیل عارف بھی عدالت پیش ہوئے ۔کیس میں عام شہریوں کی جانب سے دائر درخواستیں بحال کرنے کی استدعا کی گئی جبکہ نوازشریف جائیداد نیلامی کے عدالتی احکامات پر مذکورہ درخواستیں دائر کی گئی تھیں ۔وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزاروں کے اعتراضات تھے قانون میں ترمیم کے بعد ان پر سماعت ملتوی کردی گئی ، چھ درخواستیں ہیں، ان پر احکامات جاری کردیں جبکہ پانچ متفرق درخواستیں بھی ہیں درخواستوں کی تفصیل عدالت کوفراہم کردیں گے۔جس پر عدالت نے کہا کہ ان کو دیکھ لیتے ہیں ، وکیل صفائی کاکہنا تھا کہ آج ضمنی ریفرنس فائل کرنا تھا ہم شامل تفتیش ہوگئے۔عدالت میں پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ تفتیشی کا تبادلہ ہوگیاتھا، اب تیاری کیلئے کچھ وقت چاہیئے۔نیب پراسکیوٹر نے عدالت کو کہا کہ آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر آجائیں گے، آئندہ سماعت پر رپورٹ بھی جمع کروادیں گے۔ جس پر عدالت نے انہیں کہا کہ آپ چار دن میں جواب جمع کروا دیں۔ نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ چار دن رپورٹ جمع کروانے کے لیے کافی نہیں ہیں۔ عدالت نے چار جنوری تک نیب سے رپورٹ طلب کرلی۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی گئی ، عدالت میں وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ یوسف رضا گیلانی انتخابی مہم چلانے کے باعث پیش نہیں ہوسکتے۔جس پر عدالت نے کہا کہ عدالت نمبر3 کا کیس ہے جلد جج صاحب بھی آجائیں گے، تفتیشی افسر آئندہ سماعت پر پیش ہوں۔عدالت نے تفتیشی افسر کوآئندہ سماعت پر عدالت پیش ہونے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 4 جنوری تک کیلئے ملتوی کردی ۔علاوہ ازیں پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری و دیگر ملزمان کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی ، جج محمد بشیر نے ریمارکس دئیے کہ احتساب عدالت کو ریفرنس پر سماعت کا دائرہ اختیار ہے یا نہیں ؟، آئندہ سماعت پر دلائل سن کر فیصلہ کردیں گے ۔