راولپنڈی ،شاہ محمود قریشی رہائی کے بعد جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار ،نامعلوم مقام پر منتقل
ڈپٹی کمشنر کے آرڈرز میں شاہ محمود قریشی سے 9 مئی واقعات سے متعلق تفتیش کا کہا گیا ہے ،انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ لیا جائیگا ،پولیس
مجھے سپریم کورٹ نے ضمانت پر رہا کیا ، جھوٹے مقدمہ میں گرفتار کر رہے ، میں بے گناہ ہوں، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ،شاہ محمود قریشی
راولپنڈی( ویب نیوز)
راولپنڈی پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے فوری بعدجی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ۔شاہ محمود قریشی 9 مئی کے مقدمات میں ملزم نامزد ہیں اور اس حوالے سے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے شاہ محمود قریشی کے15روزہ نظربندی کا حکم جاری کیا تھا۔راولپنڈی پولیس نے شاہ محمود قریشی کو جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتار کیا ،شاہ محمود قریشی کو تھانہ آر اے بازار اور تھانہ صدر بیرونی پولیس نے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ، شاہ محمود قریشی کے 15 دن کے نظر بندی آرڈر جاری ہو چکے ہیں۔پولیس کے مطابق ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے نظر بندی آرڈرز میں شاہ محمود قریشی سے 9 مئی واقعات سے متعلق تفتیش کرنے کا کہا گیا ہے۔ شاہ محمود قریشی کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرکے ریمانڈ لیا جائے گا ۔ بکتر بند گاڑی پر کھڑے ہوکر خطاب کے دوران شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے سپریم کورٹ نے ضمانت پر رہا کیا لیکن یہ ظلم ہے، مجھے قوم کی خدمت کرنے پر سزا دی جا رہی ہے۔ مجھے جھوٹے مقدمہ میں گرفتار کر رہے ہیں، میں بے گناہ ہوں، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ سے سائفر کیس میں شاہ محمود قریشی کی ضمانت منظور ہو چکی ہے تاہم ابھی تک ان کی جیل سے رہائی ممکن نہیں ہو سکی ۔