الیکشن ٹریبونل اسلام آباد میں مسترد کاغذات نامزدگی پر تمام درخواستیں یکجا ، کل (جمعہ کو)جواب جمع کرانے کا حکم
آر او سے ریکارڈ لے کر تمام درخواستوں پر شق وار کمنٹس جمع کرا دیں،الیکشن ٹریبونل
کہ بلز یا کوئی بھی ادائیگیاں تھیں تو آر او ان ادائیگیوں کے لیے وقت دینے کا مجاز تھا
اختیار ہونے کے باوجود اعتراضات دور کرنے کے لیے آر او نے وقت کیوں نہیں دیا؟،استفسار
اسلام آباد( ویب نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں الیکشن ٹریبونل کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے سے متعلق اب تک دائر تمام درخواستوں کو یکجا کر دیا۔الیکشن ٹریبونل نے الیکشن کمیشن کو تمام درخواستوں پر کل( جمعہ کو )جواب جمع کرانے کا حکم بھی دیا۔الیکشن ٹریبونل نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ آر او سے ریکارڈ لے کر تمام درخواستوں پر شق وار کمنٹس جمع کرا دیں۔الیکشن ٹریبونل نے ہدایت کی ہے کہ بلز یا کوئی بھی ادائیگیاں تھیں تو آر او ان ادائیگیوں کے لیے وقت دینے کا مجاز تھا، اختیار ہونے کے باوجود اعتراضات دور کرنے کے لیے آر او نے وقت کیوں نہیں دیا؟الیکشن ٹریبونل میں شعیب شاہین، نیاز اللہ نیازی، ظفر علی شاہ اور دیگر نے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے پر اپیلیں دائر کی ہیں۔سید ظفر علی شاہ نے الیکشن ٹریبونل کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جی میں خود الیکشن لڑ رہا ہوں، پوچھا گیا کہ کس جماعت سے تعلق ہے؟ تو واضح لکھا ہے کہ پی ٹی آئی سے ہوں۔الیکشن ٹریبونل نے ظفر علی شاہ سے سوال کیا کہ آپ کے خلاف ایک گاڑی سے متعلق اعتراض ہے، سید ظفر علی شاہ نے جواب دیا کہ وہ گاڑی میں نے 3 سال پہلے بیچ دی تھی۔الیکشن ٹریبونل نے ہدایت کی کہ آپ کوئی بیان حلفی یا ٹرانسفر لیٹر جمع کروائیں، بعدازاں جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ جمعے کے لیے نوٹس کر دیتے ہیں اس روز کیس کو میرٹ پر سنیں گے۔