این اے 89 ، بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ،10جنوری کو سنایا جائیگا
توشہ خانہ میں جو چیزیں لی گئیں کیا ان کی تفصیلات دی گئیں؟ جوپیسہ توشہ خانہ کی چیزیں بیچ کرحاصل کیا گیا وہ کیوں ظاہر نہیں کیا گیا،الیکشن ٹریبونل
توشہ خانہ کیس میں سزا معطل ہوئی ہے اور اپیل زیر سماعت ہے، توشہ خانہ میں ساری چیزیں ڈیکلیئر کی گئیں،بیرسٹرعلی ظفر
اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو نااہل قرار دیا ،انکی سزا ختم نہیں کی بلکہ وہ برقرار ہے ، اپیل خارج کی جائے،ڈی جی لاء الیکشن کمیشن
شاہ محمود قریشی کا نا اہلی سے متعلق الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ….پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان کے کاغذات نامزدگی درست قرار
راولپنڈی ( ویب نیوز)
الیکشن ٹربیونل نے میانوالی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 89 سے بانی پی ٹی کے کاغذات نامزدگی مسترد کے خلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔الیکشن ٹر یبونل میں جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے ریٹرننگ افسر کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔پی ٹی آئی کی جانب سے بیر سٹر علی ظفر، عمیر نیازی اور لامیہ نیازی سمیت دیگر وکلا الیکشن ٹریبونل میں پیش ہوئے۔بیرسٹر علی ظفر سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے استدعا کی کہ ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ،آر او یہ فیصلہ نہیں کر سکتا کے معاملہ مورل ٹرپیٹیوٹ کا ہے یا نہیں، کوئی شخص اہل ہے یا نہ اہل اس کے لیے شواہد چاہیے، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے معاملے میں آر او کے فیصلے میں ایسا کچھ نہیں تھا، 2018 میں خواجہ محمد آصف کیس کا حوالہ دینا چاہتا ہوں۔الیکشن ٹربیونل نے کہا کہ خواجہ محمد آصف کیس میں تنخواہ کا ذکر تھا ،توشہ خانہ میں جو چیزیں لی گئیں کیا ان کی تفصیلات دی گئیں؟ جوپیسہ توشہ خانہ کی چیزیں بیچ کرحاصل کیا گیا وہ کیوں ظاہر نہیں کیا گیا؟۔ بیر سٹرعلی ظفر نے بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف دلائل میں کہا کہ توشہ خانہ کیس میں سزا معطل ہوئی ہے اور اپیل زیر سماعت ہے، توشہ خانہ میں ساری چیزیں ڈیکلیئر کی گئیں۔ڈی جی لا الیکشن کمیشن ارشد ملک ٹیم کے ہمراہ الیکشن ٹربیونل میں پیش ہوئے ،ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے دلائل میں کہا کہ ریٹرننگ آفیسر نے سرسری سماعت کرنا ہوتی ہے، ملزم سزا یافتہ ہو تو الیکشن نہیں لڑ سکتا اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو نااہل قرار دیا ہے جبکہ سزا ختم نہیں کی بلکہ وہ برقرار ہے۔ڈی جی لا نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر نے قانون کے مطابق کاغذات مسترد کیے اس لیے استدعا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل خارج کی جائے۔۔الیکشن ٹربیونل کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے فریقین کے دلائل سن کر بانی پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا، فیصلہ 10 جنوری کو سنایا جائے گا۔
صنم جاوید کی تین حلقوں سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں خارج
لاہور ہائیکورٹ کے اپیلٹ ٹریبونل نے پی ٹی آئی کی کارکن صنم جاوید کے حلقہ این اے 119 اور 120 اور پی پی 150سے کاغذات مسترد کرنے کے خلاف اپیلیں خارج کیں،اپیلٹ ٹریبونل لاہور نے صنم جاوید خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے پر ریٹرننگ افسر کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔۔ اپیلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے کیس کا فیصلہ سنایا۔واضح رہے کہ صنم جاوید نے جیل سے الیکشن لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے این اے 119 اور 120 سے کاغذات جمع کروائے تھے۔ انہوں نے مریم نواز کے مقابلے میں بھی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔
الیکشن ٹر یبونل میں لاہور ہائی کورٹ سے مزید 3 ججز شامل
جسٹس شکیل احمد، جسٹس احمد ندیم ارشد اور جسٹس طارق ندیم کے ٹریبونل میں شامل ہونے کا نوٹیفکیشن جاری
الیکشن کمیشن نے الیکشن ٹریبونل میں لاہور ہائی کورٹ سے مزید 3 ججز شامل کر دیئے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری ہو گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس شکیل احمد، جسٹس احمد ندیم ارشد اور جسٹس طارق ندیم کو الیکشن ٹربیونل میں شامل کیا گیا ۔نوٹیفکیشن کے مطابق تینوں ججز کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے آر او کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں پر سماعت کریں گے۔
حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل خارج ، اسلم اقبال کو الیکشن لڑنے کی اجازت
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے گئے ، پی ٹی آئی کے رہنما میاں اسلم اقبال کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ۔اپیلٹ ٹریبونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے کیس کا فیصلہ سنایا۔عدالت نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ بحال رکھتے ہوئے این اے 129 سے حماد اظہر کی اپیل خارج کر دی۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنمامیاں اسلم اقبال کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت مل گئی۔ اپیلٹ ٹریبونل نے سابق وزیر کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔اپیلٹ ٹریبونل نے پی ٹی آئی رہنما کی کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل منظور کی۔ریٹرنگ افسر نے پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 171 سے میاں اسلم کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیئے تھے۔
شاہ محمود قریشی کا نا اہلی سے متعلق الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے نا اہلی سے متعلق الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔رہنما تحریک انصاف مخدوم شاہ محمود قریشی آبائی شہر ملتان کے انتخابی میدان سے باہر ہونے سے انکاری ہوگئے، شاہ محمود قریشی الیکشن ٹریبونل ملتان سے نااہلی کے معاملے کو لاہور ہائیکورٹ لارجر بنچ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔سابق وزیر خارجہ کے وکلا نے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کو لارجر بنچ میں چیلنج کرنے کی تیاری شروع کر دی، الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے لارجر بنچ میں آج (پیر کو)اپیل دائر کئے جانے کا امکان ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما علی محمد خان کے کاغذات نامزدگی درست قرار
الیکشن ٹربیونل پشاور نے سابق وزیر مملکت علی محمد خان کے کاغذات نامزدگی درست قرار دے دیئے ۔الیکشن ٹربیونل پشاور میں سابق وزیر مملکت علی محمد خان کی اپیل پر سماعت ہوئی۔ الیکشن ٹربیونل پشاور کے جج جسٹس وقار احمد نے سماعت کی۔ علی محمد خان کے وکیل نے کہا کہ کہ علی محمد خان پر کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت پارٹی ٹکٹ نہ لگانے پر اعتراض اٹھایا گیا۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ پہلے جمع کرانا لازمی نہیں، 12 جنوری تک جمع کرایا جا سکتا ہے۔ الیکشن ٹربیونل نے علی محمد خان کے کاغذات درست قراردے دیئے۔
این اے 156,157، پی پی229 اور پی پی 230 میں انتخابات…پی ٹی آئی کے چوہدری نذیر جٹ سمیت دونوں بیٹیوں کے کاغزات نامزدگی
الیکشن ٹریبونل نے پی ٹی آئی کے چوہدری نذیر جٹ اور انکی دونوں بیٹیوں کے کاغزات نامزدگی منظور کرلئے، این اے 156,157، پی پی229 اور پی پی 230کے لئے کاغزات بحال ہوئے، آراوز نے تجویز اور تائید کنندہ نہ پہنچنے پر کاغذات مسترد کر دئیے تھے،تفصیلات کے مطابق بورے والا کے حلقہ این اے 156 سے پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری نذیر احمد جٹ، عائشہ نذیر جٹ، ڈاکٹرعارفہ نذیر جٹ، این اے 157سے ڈاکٹر عارفہ نذیر جٹ، پی پی229سیعائشہ نذیر جٹ اور ڈاکٹر عارفہ نذیر جٹ کے کاغذات نامزدگی سکروٹنی کے وقت انکے تجویز اور تائید کنندہ نہ پہنچنے پر کاغزات نامزدگی مسترد کر دئیے تھے جن کے خلاف اپیلوں کی سماعت الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس سرفراز ڈوگر نے کی سماعت کی بعد فاضل جج نے تمام مسترد شدہ کاغزات نامزدگی منظور کرلئے واضح رہے کہ چوہدری نذیر احمد جٹ کے بیٹے عمر نذیر جٹ کے کاغزات نامزدگی این اے 157 اور پی پی230 سے پہلے ہی منظور ہوچکے ہیں ان اسطرح نذیر جٹ، انکی دوبیٹیوں اور بیٹے میدان میں موجود ہیں ٹکٹوں کے فیصلہ کے بعد حتمی امیدواروں کا پتہ چلے گا۔