پی ٹی آئی کو لیول پلینگ فیلڈ نہ دینے کے حوالے توہین عدالت کی درخواست پر سماعت آج (پیر کو)ہوگی
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ درخواست پر سماعت کرے گا
اسلام آباد( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 8فروری 2024کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران لیول پلینگ فیلڈ نہ دینے کے حوالہ سے سیکرٹری داخلہ آفتاب اکبر درانی اوردیگر کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر سپریم کورٹ آف پاکستان میں آج (سوموارکو)سماعت ہو گی۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اورجسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل تین رکنی بینچ پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر علی خان کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کرے گا۔ پی ٹی آئی کی جانب سے سپریم کورٹ کے 22دسمبر کے حکم کی روشنی میں الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل کی جانب سے 24دسمبر کو چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اخترزمان اور آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کوجاری ہدایات پر عمل نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے سینئر وکیل سردار محمد لطیف خان کھوسہ، محمد شعیب شاہین بطور وکیل پیش ہوںگے۔ جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے ایڈووکیٹ جنرل خالد اسحاق پیش ہوں گے۔ عدالت نے سماعت کے حوالے سے اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کو بھی نوٹس جاری کررکھاہے۔ گزشتہ سماعت سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 322صفحات اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی جانب سے242صفحات پر مشتمل تحریری جواب عدالت میںجمع کروایا گیا تھا۔ پی ٹی آئی وکیل سردار لطیف کھوسہ نے تحریری جواب دینے کے لئے جمعرات تک کا وقت مانگا تھا ۔ عدالت نے تین دن کا وقت دیتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو پی ٹی آئی وکیل کے جواب پر اپنا جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کی سماعت آج (سوموار)کے روز تک ملتوی کردی تھی۔