غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی جاری، 24گھنٹوں میں مزید 160فلسطینی شہید،سینکڑوں زخمی
اسرائیلی فوج نے زیادہ تر حملے الشفا ہسپتال کے آس پاس کئے، شہدا کی تعداد 24 ہزار 800 جبکہ زخمیوں کی 62ہزار سے تجاوز کرگئی
مواصلاتی نظام آٹھویں روز بھی مکمل بحال نہ ہو سکا، انٹر نیٹ کے خاتمے سے انسانی حقوق کی تنظیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے
زیتون میں حماس جنگجوؤں نے اسرائیلی فوجی گاڑیوں پر حملہ کیا، متعدد اسرائیلی فوجی زخمی اور فوجی گاڑیاں تباہ کردی گئیں، القسام بریگیڈز
اسرائیلی حملوں میں زخمی فلسطینی مسلسل دم توڑ رہے ہیں ،اسرائیل نے غزہ میں انسانی تباہی کے ساتھ ہیلتھ سسٹم بھی ناکام کردیا، ڈاکٹرزودآٹ بارڈرز
غزہ پر حملوں سے 20 لاکھ شہری کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں، اسرائیل نے 7 اکتوبر سے اب تک 65 ہزار ٹن بارودی مواد استعمال کیا،فلسطینی وزارت صحت
غزہ میں گزشتہ پندرہ سالوں کے دوران کشیدگی میں تین گنا زیادہ فلسطینیوں کی اموات ہوئی ہیں جن میں نصف سے زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہیں، اقوام متحدہ
غزہ /واشنگٹن( ویب نیوز)
غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ نہ تھم سکا، اسرائیلی فوج نے ہفتے کی صبح مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں جن میں 18 فلسطینی شہید ہوگئے،عرف میڈیا کے مطابق 24گھنٹوں کے دوران اسرائیلی دہشت گردی میں160فلسطینی شہیداور سینکڑوں زخمی ہوگئے، شہدا کی مجموعی تعداد 24 ہزار 800 جبکہ زخمیوں کی تعداد 62ہزار سے تجاوز کرگئی۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے زیادہ تر حملے الشفا ہسپتال کے آس پاس کیے گئے ہیں جس میں شیلنگ اور بمباری کی گئی۔غزہ میں اسرائیل کے ظلم و ستم جاری ہیں اورمواصلاتی نظام آٹھویں روز بھی مکمل بحال نہ ہو سکا، انٹر نیٹ کے خاتمے سے انسانی حقوق کی تنظیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ غزہ میں زخمی شہریوں کی زندگیوں کو مواصلات نظام نشانہ بننے سے خطرہ لاحق ہے۔ غزہ کے شہر خان یونس میں اسرائیلی فوج کے حملے اور فائرنگ میں مزید 77افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے جبکہ العمل ہسپتال کے قریب بھی شدید فائرنگ کی گئی۔ فلسطینی حکام کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں 12 خاندانوں کا اجتماعی قتل عام کیا ہے۔دوسری جانب القسام بریگیڈز نے کہا ہے کہ زیتون میں حماس جنگجوؤں نے اسرائیلی فوجی گاڑیوں پر حملہ کیا، متعدد اسرائیلی فوجی زخمی اور فوجی گاڑیاں تباہ کردی گئیں اور اسرائیل کے فوجی قافلے کوراکٹوں سے نشانہ بنایا گیا۔ ادھر غزہ میں موجودہ ہسپتال20لاکھ فلسطینیوں کے لیے ناکافی ہیں، ڈاکٹرزودآٹ بارڈرزنے غزہ میں موجودہ صورتحال پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں زخمی فلسطینی مسلسل دم توڑ رہے ہیں ،اسرائیل نے غزہ میں انسانی تباہی کے ساتھ ہیلتھ سسٹم بھی ناکام کردیا، ایسے حالات میں کام جاری نہیں رہ سکتا۔ فلسطینی وزارت صحت نے کہا کہ غزہ پر حملوں کی وجہ سے 20 لاکھ شہری کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں جبکہ غزہ پر اسرائیل نے 7 اکتوبر سے اب تک 65 ہزار ٹن بارودی مواد استعمال کیا۔ ادھر اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ غزہ تنازع میں گزشتہ پندرہ سالوں کے دوران ہونیوالی کشیدگی میں اب تک تین گنا زیادہ فلسطینیوں کی اموات ہوئی ہیں جن میں نصف سے زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہیں ۔ادھر امریکی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے میکسیکو اور چلی کے عالمی عدالت انصاف سے اسرائیلی حملوں پر تحقیقات کے مطالبے پر کہا ہے کہ اسرائیل کے جان بوجھ کر جنگی جرائم میں ملوث ہونے کے کوئی ثبوت نہیں ہیں۔