پاکستان میں 2کروڑ 62لاکھ بچے سکول جانے سے محروم ، وفاقی وزارت تعلیم کی رپورٹ آج (پیر کو) جاری ہوگی

پنجاب میں ایک کروڑ 17 لاکھ 30 ہزار، سندھ میں 76لاکھ 30 ہزار، کے پی میں 36 لاکھ 30 ہزاربچے تعلیم سے محروم ہیں

وفاقی دارالحکومت میں 8 لاکھ بچے سکول نہیں جا رہے، بلوچستان میں 31 لاکھ 30 ہزاربچے تعلیم سے محروم ہیں

39 فیصد بچے مختلف وجوہات کی بنا پر سکول نہیں جا رہے، انٹر کی سطح پر دیکھا جائے تو 60 فیصد بچے تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں

اسلام آباد(  ویب  نیوز)

وفاقی وزارت تعلیم کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں 2کروڑ 62 لاکھ بچے سکول جانے سے محروم ہیں۔ رپورٹ 2021-2022 کے ڈیٹا پر تیار کی گئی ہے جو آج (پیر کو) جاری ہوگی۔ رپورٹ کے مندرجات کے مطابق پنجاب میں ایک کروڑ 17 لاکھ 30 ہزار بچے تعلیم سے محروم ہیں جبکہ سندھ میں 76لاکھ 30 ہزار، کے پی میں 36 لاکھ 30 ہزار اور بلوچستان میں 31 لاکھ 30 ہزار بچے تعلیم سے محروم ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں 8 لاکھ بچے  سکول نہیں جا رہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 39 فیصد بچے مختلف وجوہات کی بنا پر سکول نہیں جا رہے جبکہ سب سے زیادہ بلوچستان میں 65 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں، بلوچستان کی نسبت خیبر پختونخوا کا تعلیمی میعار بہتر ہے۔ خیبرپختونخوا میں 30 فیصد بچے سکول نہیں جا رہے۔ وفاقی وزارت تعلیم کی رپورٹ کے مطابق 2016 اور 2017میں 44 فیصد بچے سکولوں سے باہر تھے جبکہ 2021 اور 2022 میں 39 فیصد بچے سکول سے باہر ہیں۔ انٹر کی سطح پر دیکھا جائے تو 60 فیصد بچے تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں جبکہ میٹرک، مڈل اور پرائمری سطح پر 44 فیصد، 30 فیصد اور 36 فیصد بچے سکول نہیں جا رہے ہیں۔