ووٹرز نے ہرگز ہمت نہیں ہارنی ۔عمران خان
ووٹ کی طاقت کا ہتھیار استعمال کرنے کی اپیل
اسلام آباد ( ویب نیوز)
سابق وزیراعظم عمران خان نے ووٹ کی طاقت کا ہتھیار استعمال کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہینڈلرز کے تمام ہتھکنڈوں کا واحد مقصد ووٹرز خصوصا نوجوانوں کے حوصلے توڑنا اور انہیں مایوس کرنا ہے،ہینڈلرز جانتے تھے اگر مجھے قانونی حق دیا گیا تو سیاسی تاریخ کی ایک اور بڑی غداری بے نقاب ہوگی ۔ پارٹی کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے تاحیات چیئرمین عمران خان نے پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ ہم پر مسلط مجرموں کا تختہ الٹنے کے لیے پوری شدت سے سب سے طاقتور اور معنی خیز ہتھیارووٹ کااستعمال کریں۔جیل سے قوم کے نام پیغام میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک کے عوام اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ میرے خلاف مقدمات کی کوئی قانونی بنیاد نہیں یہ سب اس سیاسی تماشے کا حصہ ہیں جو گزشتہ 22 ماہ سے جاری ہے اور جسکا واحد مقصد ووٹرز خصوصا نوجوانوں کے حوصلے توڑنا اور انہیں مایوس کرنا ہے ، تاہم انکا کہنا ہے کہ عوام نے ہرگز ہمت نہیں ہارنی کیونکہ رب العزت ہی حتمی تدبیر کنندہ اور منصوبہ ساز ہے۔میرے خلاف مقدمات سے تہہ میں چھپے سیاسی عزائم بھی کھل کر سامنے آئے ہیں ۔سائفر معاملہ پر میں نے متنبہ کیا اگر ہم فیصلہ کن انداز میں اس سے نہ نمٹے تو آئندہ کوئی وزیراعظم پاکستان کے اندرونی معاملات میں ایسی صریح غیرملکی مداخلت کا سامنا نہیں کرپائے گا ۔عمران خان نے یاد دلایا کہ جنرل مشرف نے بھی پاکستان کو بمباری کرکے پتھر کے دور میں دھکیلنے کی امریکی دھمکی کے سامنے ہتھیار ڈال دیے تھے ۔ قانونی حق سے اس لئے محروم کیا گیا کہ ہینڈلرز بخوبی جانتے تھے کہ اگر مجھے یہ حق دیا گیا تو بنگال کے میر جعفر کی طرح ہماری سیاسی تاریخ کی ایک اور بڑی غداری بے نقاب ہوگی ۔پی ٹی آئی کے تاحیات چیئرمین نے کہا کہ اللہ رب العزت کے فضل و احسان سے میں نے مالی اعتبار سے بالکل بے داغ زندگی گزاری ہے اورمیری بے داغ ساکھ کی بدولت پاکستان کے عوام میرے خیراتی/فلاحی منصوبوں کے لئے اربوں روپے کے عطیات دیتے ہیں۔ہنڈلرز پاکستان کو ریاستِ مدینہ کے اصولوں سے ہم آہنگ کرنے کے میرے خواب کے خلاف ایک بیانیہ بنانا چاہتے ہیں اور مجھے قصور وار قرار دینے کیلئے شفافیت کے ادنی ترین معیار کوبھی پامال کرتے ہوئے نہایت عجلت میں عدالتی کارروائی کو لپیٹا جارہا ہے ۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے قوم کو پیغام دیتے ہوئے واضح کیا کہ میرے خلاف مقدمات کی کوئی قانونی بنیاد نہیں یہ سب اس سیاسی تماشے کا حصہ ہیں جو گزشتہ 22 ماہ سے اس ملک میں جاری ہے اور جس تیزی سے یہ تمام مقدمات لپیٹے جارہے ہیں اس کا واحد مقصد ووٹرز خصوصا نوجوانوں کے حوصلے توڑنا اور انہیں مایوس کرنا ہے ۔عمران خان نے قوم کو تاکید کی کہ آپ نے ہرگز ہمت نہیں ہارنی کیونکہ رب العزت ہی حتمی تدبیر کنندہ اور منصوبہ ساز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سب سے طاقتور اور معنی خیز ہتھیار ہمارا ووٹ ہے جسے ہمیں ان مجرموں کو نکال باہر کرنے کیلئے پوری شدت سے استعمال کرنا ہے جنہیں ہمارے سروں پر مسلط کیا گیا ہے