قومی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس،سٹریٹیجک کنالز ویژن 2030 اور ایف بی آر اصلاحات کی منظوری

وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی تمام وزارتوں، اداروں کے عمدہ تعاون کی تعریف

آرمی چیف کا معاشی و سماجی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات کے بھرپور ساتھ کا عزم

اسلام آباد (ویب  نیوز)

نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا نواں اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا. اجلاس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نگران وفاقی کابینہ کے ارکان، صوبائی وزراِ اعلی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی. اجلاس میں مختلف وزارتوں نے ملک میں سرمایہ کاری کے حوالے سے جاری منصوبوں، پالیسی اقدامات اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ایپکس کمیٹی نے ان منصوبوں اور پالیسی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پوری حکومت کی سوچ( whole of the Government Approach  ) کے متعین شدہ اہداف کے حصول میں مثبت کردار کو سراہا۔ملک کی معیشت کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا مجموعی طور پر  کمیٹی نے جائزہ لیتے ہوئے  انکی کامیابی کو خوش آئند قرار دیا.  کمیٹی نے ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ اور اسکی استعداد کار کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لانے کیلئے مختلف شعبوں میں اقدامات، افرادی قوت کی ترقی، مواصلاتی بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور مقامی تنازعات کے حل کیلئے مثر طریقہ کار سے ایک پائیدار نظام بنانے کی بھی تعریف کی.  جاری اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے دوست ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے انکی طرف سے سرمایہ کاری سے بھرپور مستفید ہونے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بھی تعریف کی. کمیٹی نے اجلاس میں اسٹریٹیجک کنالز ویژن 2030 اور ایف بی آر اصلاحات کی منظوری دے دی. آرمی چیف نے پاک فوج کی جانب سے ملک میں معاشی استحکام اور لوگوں کی معاشی و سماجی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات کے بھرپور ساتھ کے عزم کا اظہار کیا. اجلاس کے اختتام پر نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل، تمام وزارتوں، اداروں اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے معاشی اہداف کے حصول میں نگران حکومت کی معاونت اور مستقبل کیلئے ایک عمدہ مثال قائم کرنے میں کردار کی تعریف کی.  انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ منتخب حکومت کو چاہئیے کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں معاشی پالیسیوں کے تسلسل اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی قائم کردہ معاشی اقدمات کی رفتار سے استفادہ حاصل کرے.