مختلف ممالک سے 92 عالمی مبصرین انتخابات کور کریں گے، مرتضی سولنگی
پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت ہے
دس کروڑ سے زائد ووٹرز انتخابات میں حق رائے دہی استعمال کریں گے
داخلہ، خارجہ،الیکشن کمیشن کے نمائندوں کے ہمراہ پریس کانفرنس
اسلام آباد ( ویب نیوز)
وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت ہے،انتخابات کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ،مختلف ممالک سے 92 عالمی مبصرین انتخابات کور کریں گے۔ وزارت داخلہ، وزارت خارجہ، وزارت اطلاعات اور الیکشن کمیشن کے نمائندوں کے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا کہ انتخابات میں صرف چار دن باقی رہ گئے ہیں،قومی اسمبلی کی 266 نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں، انتخابات میں سیکورٹی کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ مرتضی سولنگی نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر سیکورٹی کے بھرپور انتظامات کئے گئے ہیں،پرامن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا،پہلے حصے میں پولیس، دوسرے میں رینجرز اور ایف سی سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے،سیکورٹی کی تیسری ٹیئر پاکستان آرمی کے پاس ہوگی اورسیکورٹی کے بہت اچھے انتظامات کئے گئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا آزاد ہے اور ہر ایک کو اظہار رائے اور تنقید کا حق حاصل ہے،ووٹرز کی مجموعی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہے،6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 مرد اور 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 خواتین ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے،ہماری سیکورٹی فورسز انتخابات کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں، ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا رہا ہے، ایس آئی ایف سی کے تحت معاشی معاہدے کئے گئے ہیں،نگران حکومت نے معیشت کی بہتری کے لئے اہم اقدامات اٹھائے، مرتضی سولنگی نے بتایا کہ مختلف ممالک کے 92 غیر ملکی مبصرین کو ویزے جاری کئے گئے ، انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنائیں گے، ملک میں عدلیہ اور میڈیا آزاد ہیں، ہر ایک کو اظہار رائے اور تنقید کا حق حاصل ہے، انتخابات کے لئے وافر وسائل موجود ہیں، انتخابات میں 12 کروڑ عوام اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پاکستان میں پہلے بالغ رائے دہی کے انتخابات 53 سال قبل دسمبر 1970میں ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی جمہوریت ہے جو انتخابات کے اہم مرحلے سے گذر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 8 فروری کو پرامن اور شفاف انتخابات کو یقینی بنائے گی، انتخابات کے حوالے سے بہت سی قیاس آرائیاں کی جاتی رہیں لیکن ہم مستقل مزاجی سے کہتے رہے کہ انتخابات الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے مقرر کردہ تاریخ پر ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ووٹرز کی مجموعی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہے جن میں 6 کروڑ 92 لاکھ 63 ہزار 704 مرد اور 5 کروڑ 93 لاکھ 22 ہزار 56 خواتین ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں 2008اور 2013کے انتخابات میں بھی سیکورٹی کے خطرات تھے، پاکستان دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے، ہماری سیکورٹی فورسز انتخابات کے لئے مکمل طور پر تیار ہیں اور ہم اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہوں۔ جب نگران کابینہ نے حلف اٹھایا تو انٹربینک میں ڈالر کی قدر 296 روپے تھی جبکہ اوپن مارکیٹ میں 350 سے 400 روپے کے درمیان ڈالر فروخت ہو رہا تھا اور یہ قیاس کیا جا رہا تھا کہ ڈالر کی قدر 500 تک پہنچ جائے گی، نگران حکومت نے معیشت کی بہتری کے لئے موثر اقدامات اٹھائے اور ڈالر کی قدر پر قابو پایا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ غیر ملکی مبصرین میں روس، جاپان، جنوبی افریقہ، زمبابوے، نیدر لینڈ، ملائیشیا، ہنگری، سویڈن، آذربائیجان، جرمنی سمیت دیگر ممالک کے مبصرین شامل ہیں۔ پی ٹی آئی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی کے الزامات بے بنیاد ہیں، جو لوگ گرفتار ہوئے ان میں سے کچھ 9 مئی کے واقعات اور کچھ دیگر مقدمات میں ملوث ہیں، لہذا پی ٹی آئی کے ان الزامات کی کوئی بنیاد نہیں تاہم وہ اپنے تحفظات کے اظہار کے لئے آزاد ہیں، میڈیا بھی موجود ہے اور ان کے پاس عدلیہ سمیت دیگر قانونی راستے بھی موجود ہیں۔