الیکشن کمیشن نے مبصرین، مقامی اور عالمی میڈیا کیلئے پنجاب کے عام انتخابات کی کوریج کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا

قومی میڈیا کیلئے 18 نکاتی جبکہ مبصرین اور عالمی میڈیا کیلئے 30 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا

مبصرین اور عالمی میڈیا کو پاکستان کی سالمیت اور اس کے عوام کی آزادی اور بنیادی حقوق کا احترام کرنا ہو گا ، پاکستان کے دستور اور قوانین کی پاسداری کرنا ہو گی

مقامی میڈیا انتخابی مہم کے دوران پاکستان کی خود مختاری، سلامتی، نظریہ اور عدلیہ کی آزادی اور وقار کے منافی کوئی مواد نشر یا ٹیلی کاسٹ نہیں کیا جائے گا

اسلام آباد(ویب  نیوز)

الیکشن کمیشن نے مبصرین، مقامی اور عالمی میڈیا کیلئے پنجاب کے عام انتخابات کی کوریج کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا، قومی میڈیا کیلئے 18 نکاتی جبکہ مبصرین اور عالمی میڈیا کیلئے 30 نکاتی ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا ہے۔ جمعہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے ضابطہ اخلاق کے مطابق مبصرین اور عالمی میڈیا کو پاکستان کی سالمیت اور اس کے عوام کی آزادی اور بنیادی حقوق کا احترام کرنا ہو گا جبکہ پاکستان کے دستور اور قوانین کی پاسداری کرنا ہو گی۔مقامی میڈیا انتخابی مہم کے دوران پاکستان کی خود مختاری، سلامتی، نظریہ اور عدلیہ کی آزادی اور وقار کے منافی کوئی مواد نشر یا ٹیلی کاسٹ نہیں کیا جائے گا۔ قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانے والے الزامات، بیانات یا انتخابی مہم کے دوران امن و امان کی صورتحال یا پولنگ کے روز کسی طور پر اثر انداز ہونے سے گریز کریں گے۔ اگر کوئی امیدوار اپنے مخالف امیدوار پر کوئی الزام عائد کرتا ہے تو میڈیا دونوں اطراف سے مقف لے۔ پیمرا، پی ٹی اے، پی آئی ڈی اور وزارت اطلاعات و نشریات کا ڈیجیٹل میڈیا ونگ اور سائبر ونگ چینلز، پرنٹ اور سوشل میڈیا پر سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو دی جانے والی کوریج کی مانیٹرنگ کرے گا جبکہ پولنگ کے 10 دن کے اندر سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے ادائیگیوں کی تفصیلات بھی کمیشن کو فراہم کی جائیں گی، یہ ادارے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد میں معاونت کریں گے۔حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے میڈیا سے وابستہ افراد، میڈیا ہائوسز کو ان کی اظہار رائے آزادی برقرار رکھنے کیلئے تحفظ فراہم کرے گی۔ سرکاری خزانہ سے کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کی مہم کسی بھی میڈیا پر نہیں چلائی جا سکے گی، پرنٹ، الیکٹرانک یا ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارم کو سیاسی اشتہارات کسی امیدوار یا پارٹی کی جانب سے ملتے ہیں تو وہ الیکشن کمیشن کو ان اخراجات کی تفصیل فراہم کرے گا۔ میڈیا ووٹروں کی آگاہی کیلئے خصوصی مہم اور آگاہی پروگرام کرے گا۔ پولنگ سے 48 گھنٹے قبل پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کسی بھی سیاسی جماعت یا امیدوار کی مہم بند کر دے گا۔میڈیا کسی بھی پولنگ سٹیشن کے نتائج پولنگ کے اختتام سے ایک گھنٹہ بعد دکھا سکے گا۔ مبصر تنظیمیں اپنی سفارشات اور رپورٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کریں گی، حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عالمی مبصرین اور میڈیا پرسنز کو تحفظ فراہم کریں گے، کوئی بھی مبصر میڈیا پر انتخابی عمل کے حوالہ سے اپنی آبزرویشن کے حوالہ سے ذاتی کمنٹس نہیں دے سکے گا۔ عالمی مبصرین اور میڈیا سے وابستہ افراد کسی ایسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے جس سے ظاہر ہو کہ وہ کسی سیاسی جماعت یا امیدوار کی حمایت کر رہے ہیں، کوئی بھی سیاسی جماعت یا تنظیم انتخابی عمل میں شریک فرد سے کسی قسم کا تحفہ نہیں لیں گی،یہ افراد بوقت ضرورت پاکستانی مترجم کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں تاہم اس کی تمام تفصیل ایکریڈیٹیشن کارڈ کیلئے فراہم کرنا ہوں گی۔ مبصرین اور میڈیا پرسنز پاکستان کی ثقافت اور روایات کی پاسداری کریں گے۔ الیکشن کمیشن اور ریاستی اداروں کی جانب سے وقتا فوقتا جاری کی گئی ہدایات پر عمل کریں گے، وہ اپنی رپورٹنگ اور تبصروں کو غیر جانبدارانہ اور مستند معیار کا حامل یقینی بنائیں گے