پنجاب اسمبلی کے مزید 4 آزاد اراکین مسلم لیگ (ن) میں شامل
آزاد اراکین پنجاب اسمبلی کی شہباز شریف سے ملاقات…پی پی 283 سے منتخب آزاد رکن اسمبلی ن لیگ میں شامل
نواز شریف کے وژن پر عمل کریں گے، پاکستان کو معاشی خطرات سے نکالیں گے ،شہباز شریف
لاہور( ویب نیوز)
پنجاب اسمبلی کے مختلف حلقوں سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے اراکین کی پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے اور مزید 4 آزاد اراکین نے صدر مسلم لیگ(ن) شہباز شریف سے ملاقات کرکے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔پاکستان مسلم لیگ(ن) میں شامل ہونے والے 4 اراکین میں پی پی-132 سے سلطان باجوہ، پی پی-288 سے حنیف پتافی، پی پی-289 سے محمود قادر خان اور پی پی-94 سے تیمور لالی ہیں۔چاروں نومنتخب آزاد ارکان نے نامزد وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے لاہور میں ملاقات کی جہاں اس موقع پر پارٹی کے دیگر رہنما رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، عطااللہ تارڑ، سردار اویس خان لغاری، خواجہ عمران نزیر، سردار احمد خان لغاری اور دیگر بھی موجود تھے۔شہباز شریف نے مسلم لیگ(ن) میں شامل ہونے پر سلطان باجوہ، حنیف پتافی، محمود قادر خان اور تیمور لالی کا شکریہ ادا کیا اور پارٹی میں ان کا خیرمقدم کیا، نومنتخب ارکان صوبائی اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز اور شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔مسلم لیگ(ن) میں شامل ہونے والے چاروں ارکان نے پارٹی قائد نواز شریف اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم نامزد کرنے پر شہباز شریف کو مبارک دی۔اس موقع پر شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب قائد نواز شریف اور عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے، اتحاد اور تعاون ہی پاکستان کو مشکلات سے نکال سکتا ہے، ہم نواز شریف کی رہنمائی میں عوام کی خدمت کریں گے۔نامزد وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کے وژن پر عمل کریں گے، پاکستان کو معاشی خطرات سے نکالیں گے اور مہنگائی کے عذاب سے عوام کو نجات دلانا اولین چیلنج ہے۔
پنجاب کی اسمبلی پی پی 283 سے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی اصغر گورمانی نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کر دیاہے ۔تفصیلات کے مطابق علی اصغر گورمانی ن لیگ کی قیادت سے ملاقات کیلئے جاتی امراپہنچے جہاں انہوں نے ن لیگ میں شمولیت کا اعلان کیا ، مسلم لیگ ن کے نو منتخب ایم اپی اے سلمان نعیم بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ علی صغر گورمانی انتخابات میں آزاد حیثیت سے منتخب ہوئے لیکن انہیں پی ٹی آئی کی حمایت حاصل تھی۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز شہبازشریف نے اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب میں مریم نواز وزیراعلی کی امیدوار ہوں گی جس کے بعد انہوں نے حکمت عملی مرتب کرنا شروع کر دی ہے جبکہ پیپلز پارٹی بھی پنجاب میں ن لیگ کے امیدوار کی حمایت کرے گی۔