مردان اورپشاور میں دہشتگردوں کی فائرنگ ،ایس پی سمیت2اہلکار شہید ،ڈی ایس پی اور 2اہلکار زخمی ،2دہشتگرد ہلاک

 شہید اور زخمی ایم ایم سی ہسپتا ل منتقل،پولیس نے جائے وقوعہ کو تحویل میں لے لیا ،ہلاک ہونیوالوںمیں انتہائی مطلوب دہشتگرد محسن قادر بھی شامل

شہید ایس پی اعجاز خان کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی ، آر پی او ، ڈی پی او مردان اور دیگر پولیس حکام نے شرکت کی

پشاورمیں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ابابیل فورس کا ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا،شہید اہلکارنمازِجنازہ ملک سعد پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی

پشاور سے شہید پولیس اہلکار کی میت ڈیرہ اسماعیل خان لے جانے والی پولیس اسکواڈ گاڑی کو  حادثہ، 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے

مردان /پشاور( ویب  نیوز)

مردان اور پشاور میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایس پی اعجاز خان سمیت 2اہلکار شہید جبکہ ڈی ایس پی اور2اہلکار شدید زخمی ہو گئے،پولیس کی جوابی کارروائی میں 2دہشتگرد بھی ہلاک ہو گئے ۔ ریسکیو حکام کے مطابق کاٹلنگ کے علاقے زڑہ متہ میں دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کی جس کے بعد فائرنگ  کے تبادلے میں ایس پی اعجاز خان شہید ہوگئے جبکہ ڈی ایس پی نسیم خان، سمیت اہلکار منصور اور اہلکار سلیم شدید زخمی ہوگئے ، آپریشن میں پولیس کو انتہائی مطلوب دہشت گرد محسن قادرسمیت 2دہشت گرد مارے گئے۔ 1122کی میڈیکل ٹیم نے شہید اور زخمیوں کو ایم ایم سی ہسپتا ل منتقل کر دیا، پولیس نے جائے وقوع کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ شہید ایس پی اعجاز خان کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی جس میں آر پی او مردان سلیمان خان ، ڈی پی او مردان نجیب الرحمن اور دیگر پولیس حکام نے شرکت کی، اس موقع پر شہید ایس پی کو پولیس کے چاک وچوبند دستے نے سلامی بھی پیش کی۔دوسری جانب صوبائی دارالحکومت پشاور کے تھانہ پھندو کی حدود میں اہلکاروں نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، نہ رکنے پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس نے تعاقب کیا جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔ملزمان کی فائرنگ سے ابابیل فورس کا ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق دونوں اہلکار تھانہ گلبہار میں تعینات تھے، زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ شہید پولیس اہلکار قیصر خان کی نمازِجنازہ ملک سعد پولیس لائنز میں ادا کر دی گئی۔ ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی و دیگر حکام نے نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ پولیس افسران نے شہید کے جسدِ خاکی کو سلامی پیش کی اور پھول رکھے ۔ادھر پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان جانے والی پولیس اسکواڈ گاڑی کو حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس کانوائے شہید پولیس اہلکار کی میت پشاور سے ڈیرہ اسماعیل خان لے کر جا رہے تھے۔ حادثہ تاجہ زئی کے قریب پیش آیا، زخمی اہلکاروں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال لکی مروت منتقل کر دیا گیا۔