بیرسٹر گوہر کیخلاف بیان، پی ٹی آئی نے شیر افضل مروت کو شوکاز جاری کر دیا

تسلی بخش جواب نہ دینے کی صورت میں پارٹی پالیسی کے مطابق ایکشن لیا جائے گا: پی ٹی آئی کے شوکاز نوٹس کا متن

اسلام آباد( ویب  نیوز)

پاکستان تحریک انصاف نے نو منتخب رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔شیر افضل مروت نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ بیرسٹر گوہر کو انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے چیئرمین شپ سے اس لیے ہٹایا گیا کیونکہ ان کی کارکردگی تسلی بخش نہیں تھی۔شیر افضل مروت کا یہ بھی کہنا تھا کہ بیرسٹر گوہر علی خان کو چیئرمین شپ کے عہدے سے ہٹانے کے پیچھے ان کی نااہلی اور خراب کارکردگی ہے، پارٹی آفس چلانے کے لیے ہر وقت متحرک رہنا ہوتا ہے لیکن ایسا نہ ہوا۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا تین ماہ کا وقت بیرسٹر گوہر کو ملا لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکے، ورکرز کے احتجاج سمیت دیگر توقعات تھیں جس میں بیرسٹر گوہر ناکام ہوئے۔اب پی ٹی آئی کی جانب سے شیر افضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آپ کے بیان کی وجہ سے تناو کی صورتحال پیدا ہوئی۔شوکاز نوٹس میں پی ٹی آئی کی جانب سے شیر افضل کو 2 روز میں معافی نامہ جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ تسلی بخش جواب نہ دینے کی صورت میں پارٹی پالیسی کے مطابق ایکشن لیا جائے گا۔