قومی اسمبلی وزیراعظم کا انتخاب 3 مارچ کو کرے گی، شیڈول جاری
اسلام آباد( ویب نیوز)
اسلامی جمہوریہ پاکستان کا اگلا وزیراعظم کون ہوگا؟قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے وزیراعظم کے انتخابات کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے ،وزیراعظم پاکستان کا انتخاب بروز اتوار 3 مارچ کو ہو گا، وزیراعظم کے انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی 2 مارچ دوپہر 2 بجے تک حاصل کئے جاسکتے ہیں۔وزیراعظم کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال اسی روز 3 بجے تک کر لی جائے گی، قومی اسمبلی اجلاس میں 3 مارچ بروز اتوار وزیراعظم کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔قومی اسمبلی کے شیڈول کے مطابق ممبران قومی اسمبلی اپنے مسلم ارکان میں سے ایک ممبر کو وزیراعظم منتخب کریں گے۔شیڈول کے مطابق وزیراعظم کے انتخاب کے روز کسی قسم کا اور کوئی ایجنڈا اجلاس میں زیر غور نہیں آئے گا۔شیڈول کے مطابق وزیراعظم کیلئے کاغذات نامزدگی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے شعبہ قانون سازی سے لیے جاسکتے ہیں۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران تجویز اور تائید کنندگان کا موجود ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔وواضح رہے کہ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے نو منتخب اراکین سے حلف لیا۔تقریب حلف برداری کے بعد دوسرا مرحلہ اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا چنا وہو گا اور پھر اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد وزیراعظم کا انتخاب ہو گا۔