سنی اتحاد کونسل نے عمر ایوب خان کو اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کے لیے اسپیکر سردار ایاز صادق کو باقاعدہ درخواست دیدی
شیر افضل مروت پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کے لئے نامزد
اسلام آباد ( ویب نیوز)
سنی اتحاد کونسل نے قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے سابق امیدوار عمر ایوب خان کو اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کے لیے اسپیکر سردار ایاز صادق کو باقاعدہ درخواست دیدی جبکہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کی طرف سے شیر افضل مروت کو پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین نامزد کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے باقاعدہ طورپر انتخابات ہونگے ۔ سنی اتحاد کونسل نے واضح کیا ہے کہ ایوان میں ارکان کی عددی برتری کے مطابق مجالس قائمہ کی سربراہی ہمارا آئینی قانونی حق ہے ہفتہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں صدر کے انتخاب کے موقع پر اس خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے عمر ایوب خان نے بتایا کہ ان کی اپوزیشن لیڈر کے عہدے پر تقرری کے لیے سنی اتحاد کونسل کے فیصلے سے تحریری طور پر اسپیکر قومی اسمبلی کو آگاہ کر دیا گیا ہے پارلیمانی معاملات میں سابق اسپیکر اسد قیصر سے مکمل طور پر مشاورت کی جا رہی ہے انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان نے پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے شیر افضل خان مروت کو چیئرمین نامزد کر دیا ہے کیونکہ یہ عہدہ اپوزیشن کو ملنا ہے پارلیمانی و قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی کے اپنے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور اپنے حق کے حصول کے لیے آئینی پارلیمانی طریقہ کار اختیار کیا جائیگا۔ پارلیمانی کمیٹیوں کے حوالے سے ہم بھرپور فعال کردار ادا کریں گے ۔یادرہے کہ پارلیمانی و قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی پارلیمانی جماعتوں کو ان کے ارکان کے تناسب سے ملتی ہیں ۔ توقع ہے کہ آئندہ سیشن میں پارلیمان و قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی کے معاملات طے کرلئے جائیں گے