الشفا ہسپتال پر اسرائیلی حملے میں غزہ کے پولیس چیف میجر جنرل فائق المبوح شہید
میجر فائق المبوح قیام امن کے علاوہ غزہ میں امداد کی منصفانہ ترسیل کے نگراں بھی تھے، حماس
حماس کی الشفا ہسپتال سے صحافیوں کی گرفتاری اور ان کے ساتھ وحشیانہ رویہ رکھنے کی مذمت
اسرائیل اپنے جنگی جرائم کو دنیا کی نظروں سے اوجھل رکھنے کے لیے آزاد صحافت پر قدغن لگا رہا ہے، حماس
رفح اور خان یونس پر اسرائیل کے فضائی حملے، بچوں سمیت 22 فلسطینی شہید، متعدد زخمی
اسرائیلی طیاروں نے رفح میں 2گھروں اور ایک اپارٹمنٹ،جبالیہ میںایک مکان کو نشانہ بنایا
بچوں کی اتنی بڑی تعداد میں اموات کی شرح کسی بھی جنگ میں نہیں دیکھی گئی،دنیا ان جرائم پر بالکل خاموش ہے،یونیسیف
غزہ کی 70 فیصد آبادی فاقہ کشی کا شکار ہے، شمالی حصے میں مئی تک مکمل قحط کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے،آئی پی سی کا انتباہ
غزہ(ویب نیوز)
اسرائیلی فوج نے رمضان المبارک میں بھی فلسطینیوں کے خلاف وحشیانہ کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں، رات گئے رفح اور خان یونس میں معصوم بچوں سمیت مزید 22 فلسطینی شہید کردئیے۔وفا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے رفح میں 2گھروں اور ایک اپارٹمنٹ کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 14 فلسطینی شہید ہوگئے۔جبالیہ میں بھی اسرائیلی فورسز نے ایک مکان پر گولہ باری کی ہے جس میں بچوں سمیت 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق مکان مکمل طور پر تباہ ہو گیا، حملے کے نتیجے میں بہت سے دیگر لوگ زخمی بھی ہوئے۔غزہ کے طبی حکام کے مطابق 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں بچوں سمیت 31 ہزار 726 فلسطینی شہید اور 73 ہزار 792 زخمی ہو چکے ہیں۔یونیسیف کیایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسلز نے کہا کہ بچوں کی اتنی بڑی تعداد میں اموات کی شرح کسی بھی تنازع یا جنگ میں نہیں دیکھی گئی ہے لیکن دنیا ان جرائم پر بالکل خاموش ہے ۔دنیا بھر میں فاقہ کشی کی صورتحال پر نظر رکھنے والے ادارے آئی پی سی نے غزہ میں قحط سالی کی سنگین صورت حال سے خبردار کردیا۔رپورٹ میں کہا گیا کہ غزہ کی 70 فیصد آبادی فاقہ کشی کا شکار ہے، غزہ کے شمالی حصے میں مئی تک مکمل قحط کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔رپورٹ کے مطابق وسط فروری سے اب تک غزہ کی 79 فیصد آبادی تباہ کن درجے کی بھوک کا شکار ہو چکی ہے، جولائی تک یہ شرح 92 فیصد تک پہنچ جائے گی۔
اسرائیلی فوج کے الشفا ہسپتال پر حملے میں غزہ شہر کے پولیس چیف میجر جنرل فائق المبوح شہید ہوگئے جو پناہ گزینوں میں خوراک کی تقسیم کے نگراں بھی تھے۔عرب میڈیا کے مطابق حماس نے اسرائیلی حملے میں غزہ پولیس چیف کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فائق المبوح کے قتل کا مقصد غزہ میں امداد کی آمد اور ترسیل میں رکاوٹ ڈالنا ہے۔ حماس کی جانب سے جاری بیان میں بہادری اور استقامت کے ساتھ دشمن کی کارروائیوں کا منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں الشفا ہسپتال سے صحافیوں کی گرفتاری اور ان کے ساتھ وحشیانہ رویہ رکھنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اسرائیل اپنے جنگی جرائم کو دنیا کی نظروں سے اوجھل رکھنے کے لیے آزاد صحافت پر قدغن لگا رہا ہے۔ حماس نے اپنے بیان میں اقوام متحدہ، ریڈ کراس اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے صحافیوں کی رہائی کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔
غزہ میں مزید ایک اسرائیلی فوجی ہلاک،تعداد 250 ہوگئی
غزہ( ویب نیوز)غزہ میں الشفا ہسپتال پر اسرائیلی حملے کے دوران لڑائی میں اسرائیلی فوجی مارا گیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق 20 سال کے سارجنٹ متان وینوگرادوف کا تعلق اسرائیلی فوج کے نہال بریگیڈ سے تھا۔ رپورٹس کے مطابق غزہ میں ہلاک ہونے والے اسرائلی فوجیوں کی تعداد 250 ہوگئی ہے۔ علاوہ ازیں اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ کے الشفا ہسپتال کا کنٹرول حاصل کرنے کا دعوی سامنے آیا تھا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے الشفاہسپتال کا کنٹرول حاصل کرنے کے بعد 80 افراد کو حراست میں لیا تھا۔ دوسری جانب گزشتہ برس ماہِ اکتوبر سے اب تک غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 31 ہزار 726 ہو گئی ہے۔
اسرائیل اور حماس نے قطر دوحہ میں بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع کر دئیے،امریکی و اسرائیلی میڈیا
اسرائیلی وفد نے قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی کی قیادت میں قطری اور مصری ثالثوں سے ملاقات کی
امریکی و اسرائیلی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور حماس نے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بالواسطہ مذاکرات دوبارہ شروع کر دئیے ہیں۔امریکی نیوز ویب سائٹ ایکسیئس نے 2 نامعلوم اسرائیلی حکام اور براہ راست باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ موساد کے سربراہ ڈیوڈ برنی کی سربراہی میں اسرائیلی وفد نے قطری وزیراعظم محمد بن عبدالرحمن الثانی کی قیادت میں قطری اور مصری ثالثوں سے ملاقات کی۔ایک سینیئر اسرائیلی عہدیدار نے امریکی نیوز ویب سائٹ کو بتایا کہ مذاکرات کے تازہ مرحلے میں کم از کم 2 ہفتے لگ سکتے ہیں اور اسرائیلی وفد قطری اور مصری ثالثوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے لیے دوحہ میں قیام کرے گا۔عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیلی اور حماس کے وفود کے درمیان ثالث پیغام رسانی کررہے ہیں جو دوحہ میں ایک ہی کمپاؤنڈ کے الگ الگ حصوں میں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک طویل، مشکل اور پیچیدہ عمل ہونے جا رہا ہے لیکن ہم کوشش کرنا چاہتے ہیں اور کسی معاہدہ تک پہنچنا چاہتے ہیں۔اسرائیل نیوز ویب سائٹ ٹائم آف اسرائیل نے دیگر اسرائیلی ذرائع ابلاغ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ڈیوڈ برنی کی منگل کو اسرائیل واپسی کا امکان ہے جبکہ اسرائیلی مذاکراتی ٹیم دوحہ میں ہی رہے گی۔اس حوالے سے حماس یا ثالثی کرنے والے ممالک کی جانب سے تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔