پی ٹی آئی کا رجیم چینج میں سعودی عرب کو ملوث قرار دینے کے شیر افضل کے بیان سے اظہار لاتعلقی
شیر افضل کے خیالات ان کی ذاتی رائے تو ہوسکتی ہے جسے کسی سطح پر بھی پاکستان تحریک انصاف کی قیادت یا کارکنان کی تائید و توثیق حاصل نہیں،ترجمان پی ٹی آئی
اسلام آباد( ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت اور ترجمان نے شیر افضل مروت کے رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب کے کردار کے حوالے سے پیش کردہ خیالات کو حقائق سے یکسر منافی قرار دے کر ان سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کر دیا۔گزشتہ روز شیر افضل مروت نے ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دعوی کیا تھا کہ رجیم جینج آپریشن میں امریکہ کے ساتھ ساتھ سعودی عرب بھی شامل تھا۔انہوں نے یہ دعوی بھی کیا کہ پاکستان نے ایران اور افغانستان کے لیے امریکہ کو بلوچستان میں دو اڈے دے دیے ہیں۔ان بیانات کے بعد ترجمان پی ٹی آئی کی جانب سے بدھ کو ایک وضاحتی بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ شیر افضل مروت کے خیالات پاکستان تحریک انصاف کی حکمتِ عملی یا موقف کی کسی طور پر بھی نہ تو غمازی کرتے ہیں نہ انہیں حقیقت پر مبنی بیان سمجھتے ہیں۔ یہ ان کی ذاتی رائے تو ہوسکتی ہے جسے کسی سطح پر بھی پاکستان تحریک انصاف کی قیادت یا کارکنان کی تائید و توثیق حاصل نہیں۔ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب کا شمار پاکستان کے نہایت قریبی اور بااعتماد برادر اسلامی ممالک میں ہوتا ہے جس کی حکومت اور عوام سے پاکستان کے تعلقات کو بانی چیئرمین عمران خان، پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان نہایت قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کے مابین باہم احترام، اعتماد اور برادرانہ اخوت کا رشتہ قائم ہے جسے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور کارکنان نہایت اہمیت کا حامل سمجھتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات پاکستان اور سعودی عرب کے مشترکہ کثیرالجہتی مفادات کے امین اور لائقِ تحسین ہیں۔ترجمان کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ماضی اور حال کی طرح مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے مابین قریبی اشتراک اور بھائی چارے کے فروغ کی خواہاں اور سعودی قیادت و عوام کی فلاح و ترقی کے حوالے سے نیک تمناوں کے اظہار کے ساتھ اس ضمن میں بطور جماعت اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے،دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما زلفی بخاری نے بھی سعودی عرب سے متعلق شیر افضل بیان سے اظہار لاتعلقی کیا تھا۔اپنے بیان میں زلفی بخاری نے کہا تھا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل موقع پر پاکستان کو ناکام ہونے سے بچایا ہے، بانی پی ٹی آئی اور پارٹی کی سعودی عرب کے بارے میں وہ رائے نہیں جس کا اظہار شیر افضل مروت نے کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسی کوئی وجہ سامنے نہیں ہے سعودی عرب کی مداخلت کی بات پر یقین کیا جائے۔