126 مرد اور 84 خواتین کی سنٹرل سپیریئر سروسز سی ایس ایس کے لیے منتخب

2023  کے سی ایس ایس امتحان میں13 ہزار 8 امیدواروں  سے  210 کی تقرری کی سفارش

اسلام آباد( ویب  نیوز)

فیڈرل پبلک سروس کمیشن  نے سنٹرل سپیریئر سروسز( سی ایس ایس) 2023 کا رزلٹ جاری کر دیا ۔مقابلے کے امتحان میں کل 13 ہزار 8 امیدواروں نے حصہ لیا تھا، صرف 408 امیدوار امتحان پاس کر پائے۔جاری کئے گئے رزلٹ کے مطابق پاس امیدواروں کی شرح 2.96 فیصد رہی۔واضح رہے کہ 2022 میں سی ایس ایس امتحان میں 20ہزار 262 امیدواروں نے تحریری امتحان میں حصہ لیا تھا جن میں سے صرف 393 امیدوار کامیاب ہوئے تھے، وائیوا میں 374 امیدواروں نے کامیابی حاصل کی تھی۔کامیاب ہونے والوں میں 223 مرد اور 151 خواتین امیدوار شامل تھے، تمام مراحل مکمل کرنے پر ایف پی ایس سی نے 237 امیدواروں کی تقرری کی سفارش کی تھی، جن میں 146 مرد اور 91 خواتین امیدوار تھیں۔ٹاپ کرنے والے پہلے 12 امیدواروں نے  پاکستان ایڈمنسٹرٹیو سروس کا انتخاب کیا۔ سی ایس ایس امتحان 2023 میں  امیدواروں کی کامیابی کی شرح 2.96 فیصد ہے، ایف پی ایس سی کے مطابق حتمی طور پر 210 امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔کامیاب امیدواروں میں 126 مرد اور 84 خواتین امیدوار شامل ہیں جبکہ 13008 امیدواروں نے تحریری امتحان میں حصہ لیا تھا صرف 401 امیدوار تحریری امتحان پاس کر سکے ہیں۔عادل ریاض پہلی، شیر بانو دوسری ، عکاشہ ابرار رانا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔  سی ایس ایس میں کامیاب ہونے والے 46 امیدواروں کو طبی طور پر ڈیفر کیا گیا۔ٹاپ کرنے والے پہلے 8 امیدواروں کا تعلق پنجاب سے ہے ۔ میرٹ لسٹ میں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے امیدوار نویں پوزیشن، آزاد کشمیر کے امیدوار 19ویں پوزیشن حاصل کر سکے۔خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے امیدوار پچیسویں پوزیشن حاصل کر سکے۔سندھ رورل سے امیدوار 66 ویں اور سندھ اربن سے 116ویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ ایکس فاٹا سے امیدوار 80 ویں اور گلگت بلتستان سے امیدوار 130ویں پوزیشن حاصل کر سکے۔