شہباز شریف فارم 47 کی بیساکھیوں پر کھڑا جعلی وزیراعظم ہے، عمر ایوب خان
9مئی کو پرامن جلسے،جلوس ہونگے اور ریلیاں نکالی جائیں گی،استقبالیہ تقریب سے خطاب
تربیلا غازی( ویب نیوز)
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف فارم 47 کی بیساکھیوں پر کھڑا جعلی وزیراعظم ہے، امریکی سفیر پر واضح کردیا ہے پاکستان خودمختار ملک ہے، قومی معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،عمران خان نے پارٹی کی تنظیم سازی پر زور دیا ہے،9 مئی کو تحریک انصاف کے خلاف سازش کی گئی،کل (جمعرات کو) ملک بھر میں پرامن جلسے،جلوس ہونگے اور ریلیاں نکالی جائیں گی، تحصیل غازی میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے سمیت گیس و بجلی اسپتال اور انفراسٹرکچر کے اربوں روپے کے درجنوں منصوبے زیر غور ہیں، جنھیں وزیراعلی کے پی کے ذریعے مکمل کروائیں گے، وہ گزشتہ روز یہاں غازی میں ورکرز کی جانب سے ان کے اعزاز میں دی گئی استقبالیہ تقریب سے خطاب کررہے تھے، قبل ازیں انھیں جہانیاں چیک پوسٹ سے جلوس کی شکل میں استقبالیہ تقریب میں لایا گیا، تقریب سے اختر حسین شاہ، صائمہ خالد، الحاج فردوس خان، چوہدری محمد اشفاق صفی اقبال،اللہ یارخان،خالد محمود ذوالفقار کھوکھر، نصر اقبال اور شاہد اقبال نے بھی خطاب کیا، عمر ایوب کا کہنا تھا کہ 2024 کے انتخابات کے بعد ورکرز کے ساتھ پہلی باضابطہ ملاقات ہے،تمام تر مخالفت اور ان کی روپوشی کے باوجود غازی کی عوام نے انھیں ریکارڈ ووٹوں کی برتری دلا کر کامیاب کیا، عمران خان نے پارٹی کا جنرل سیکرٹری نامزد کیا،وزیراعظم کا امیدوار اور اپوزیشن لیڈر بنایا جان بھی چلی جائے ان کی امانت میں خیانت نہیں کروں گا،عمران خان جیل میں ملاقات کے دوران کہہ چکے ہیں کہ وہ آئین و قانون کی بالادستی کے حوالے سے اپنے اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے،گزشتہ روز امریکن سفیر سے ملاقات میں انھیں واضح کیا ہے کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے،عمران خان کا مشن آئین اور قانون کی پاسداری ہے،جب تک مقبول اور پاپولر لیڈرشپ نہیں آئے گی ملک ترقی نہیں کر سکتا، انھوں نے کہا کہ ہم نے لوڈشیڈنگ ختم کی، بجلی کا فی یونٹ 17 روپے سے بڑھ کر 85 روپے پر چلا گیا،لوڈ شیڈنگ میں بے پناہ اضافہ ہواجب حکمران کرپٹ ہوں تو ایسے ہی حالات ہوتے ہیں، اس کی شدید مذمت کرتے ہیں کوئی وجہ نہیں کہ لوڈشیڈنگ اور بجلی ٹیرف میں اضافہ ہو،آنے والے وقت میں مزید مہنگائی ہوگی،نواز شریف اور شہباز شریف ڈرائی کلین ہو کر آئے،آتے ہی مہنگی بجلی اور افراط زر کی صورت میں ملک کو ساڑھے تین ارب روپے کا ٹیکہ لگا دیا، گندم کے معاملہ میں کرپشن کی گئی ہے، گندم کے 1 ارب روپے کے اسکینڈل میں اس وقت کا وزیراعلی موجودہ وزیر داخلہ محسن نقوی ملوث ہے، تحصیل غازی کو ہمیشہ ترجیح دی ہے،2 ارب روپے کا تربیلا روڈ کا منصوبہ ہمارا ہے، غازی بازار روڈ کو بھی درست کریں گے، غازی کے لئے گیس بجلی روڈز 1122 تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال بھرواسہ ڈیم سمیت اربوں روپوں کے درجنوں منصوبے زیر غور ہیں، جنھیں وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی آمین گنڈاپور کے ذریعے مکمل کروائیں گے واپڈا تربیلا ڈیم اور تی فائیو پروجیکٹ میں ملازمتوں کے لئے مقامی لوگوں کو ان کا حق دلاں گا 9 مئی کے واقعات تحریک انصاف کے خلاف سازش تھے،ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالادستی کی بات کی ہے، ملک میں مدینہ ریاست کی طرز پر عدل و انصاف قائم کریں گے سب کو برابر انصاف ملے گا،عدل و انصاف نہ ہونے کے باعث عدالتوں میں 22 لاکھ کیسز اور صرف سپریم کورٹ میں 56 ہزار کیسز زیر التوا ہیں،جیلیں اور سختیاں برداشت کرنے والے تحصیل غازی کے ورکرز کے اعزاز میں کے پی ہاس میں تقریب کریں گے،عمران خان کے لئے دعاکریں وہ پاکستان کی آخری امید ہیں۔