شہباز شریف دوسری مرتبہ ملک کے 24 ویں وزیراعظم منتخب ، قائد ایوان کی نشست سنبھال لی

شہباز شریف نے 201 ،سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب نے 92ووٹ حاصل کئے

نتائج کے اعلان کے شہباز شریف ،نواز شریف اور آصف زرداری سے جاکر گلے ملے

جے یو آئی( ف )کا قائد ایوان کے انتخاب کا بائیکاٹ، ایوان سے باہر چلے گئے، اختر مینگل موجود تو رہے لیکن کسی کو ووٹ نہیں دیا

اسلام آباد(  ویب  نیوز)

پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر میاں محمد شہباز شریف دوسری مرتبہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے 24 ویں وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں، شہباز شریف نے قائد ایوان کی نشست سنبھال لی۔قومی اسمبلی اجلاس میں اسپیکر ایاز صادق نے قائد ایوان کے لیے ہونے والی رائے دہی کے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ شہباز شریف نے 201 اراکین کی حمایت حاصل کی جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب نے 92 ووٹ حاصل کئے۔اسپیکر ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو ساتھ ہی نعرے بازی بھی ہونے لگی۔ سنی اتحاد کونسل اور ن لیگی اراکین آمنے سامنے آگئے، چور چور اور جعلی مینڈیٹ نا منظور کے نعرے لگاتے رہے جس سے ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا۔جے یو آئی ف نے قائد ایوان کے انتخاب کا بائیکاٹ کیا اور ووٹنگ کے دوران ایوان سے باہر چلے گئے جبکہ اختر مینگل موجود تو رہے لیکن کسی کو ووٹ نہیں دیا۔ووٹنگ کے نتیجے میں مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے مشترکہ امیدوار شہباز شریف قائد ایوان منتخب ہوگئے۔ انہیں 201 ووٹ ملے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب نے 92 ووٹ حاصل کئے ۔نتائج کا اعلان ہونے کے بعد شہباز شریف ،نواز شریف اور آصف علی زرداری سے جاکر گلے ملے۔مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی، ایم کیو ایم، بلوچستان عوامی پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی، مسلم لیگ ق نے شہباز شریف کی حمایت کی۔پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب کی بلوچستان نیشنل پارٹی نے حمایت کی۔