حماس کی جنگ بندی تجاویز پر رضامندی کے باوجود اسرائیل کے رفح پر حملے، 12 فلسطینی شہید

رفح کراسنگ کا کنٹرول حاصل کرلیا، غزہ کو انسانی امداد کی فراہمی معطل ہوگئی ہے،اسرائیلی فوج

 اسرائیل کے شمالی شہر میں حزب اللہ کے ڈرون حملے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے

اسرائیلی فوج نے رفح کراسنگ کا آپریشنل کنٹرول حاصل کرلیا…رفح میں ملٹری آپریشن کے علاقے سے بڑی تعداد میں فلسطینی انخلا کر رہے ہیں

غزہ( ویب  نیوز)

حماس کی جنگ بندی تجاویز پر رضامندی کے بعد اسرائیل نے رفح پر حملے شروع کردئیے۔عرب میڈیا کے مطابق رفح پر اسرائیل کے 3 مختلف حملوں میں 12 فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج کے مطابق رفح کراسنگ کا کنٹرول حاصل کرلیا، رفح کراسنگ سے غزہ کو انسانی امداد کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ترجمان رفح کراسنگ اتھارٹی کے مطابق اسرائیلی ٹینکوں کی موجودگی کے باعث رفح کراسنگ بند کردی گئی ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ رفح کے مشرقی علاقے میں ٹارگٹڈ حملے کررہے ہیں اور یہ محدود ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی فوج کے مطابق اسرائیل کے شمالی شہر میں حزب اللہ کے ڈرون حملے میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔ حزب اللہ نے اسرائیل کے میتولا نامی شمالی قصبے میں ڈرون حملہ کیا۔ حملے میں اسرائیلی فوج کی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس میں 2 اہلکار ہلاک اور متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ اسرائیلی فوج نے ڈرون حملے میں دو اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ لبنان سے حزب اللہ نے کیا ہے جس کا بدلہ لیں گے

اسرائیلی فوج نے رفح کراسنگ کا آپریشنل کنٹرول حاصل کرلیا…

اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے رفح کراسنگ کا آپریشنل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔قطری میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی سپیشل فورسز رفح کراسنگ کے علاقے کی سکیننگ کر تے ہوئے مشرقی رفح کے مخصوص علاقوں میں آپریشن کر رہی ہے۔اسرائیلی فوج کے مطابق رفح میں ملٹری آپریشن کے علاقے سے بڑی تعداد میں فلسطینی انخلا کر رہے ہیں، کرم ابو سالم کراسنگ سیکیورٹی وجوہات پر بند کردی گئی ہے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ کرم ابو سالم کراسنگ صورت حال بہتر ہونے پر دوبارہ کھول دی جائے گی۔ادھر وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی کے مطابق امریکی حکومت حماس کی جانب سے جنگ بندی کے معاہدے کو قبول کرنے کا جائزہ لے رہی ہے۔