پنجاب کے عوام کو بجلی بلوں پر دوماہ کے لیے خیرات نہیں چاہیے حافظ نعیم الرحمن
، بجلی کی اصل لاگت کا تعین کرکے پورے ملک میں یکساں ٹیرف لاگو کیا جائے
 منصورہ میں ڈاکٹر اسامہ رضی اور  قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب

 لاہور( ویب  نیوز)

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام کو دوماہ کے لیے خیرات نہیں چاہیے، بجلی کی اصل لاگت کا تعین کرکے پورے ملک میں یکساں ٹیرف لاگو کیا جائے، دو تین دفعہ وزیراعظم رہنے کے باوجود  نوازشریف نے پھر علاقائی سیاست کی، بجلی کی قیمتوں کے حوالے سے ہمارے خلاف جعلی پروپیگنڈہ کیا گیا، حکومت کو عوام کو بجلی اور ٹیکسز پر ریلیف دینا پڑے گا، حکمران اپنی عیاشیاں بند کریں، 28 اگست کو ملک گیر شٹر ڈان کریں گے، یکم ستمبر کو تمام صوبوں میں عوامی رابطہ مہم کا آغاز ہوگا۔ فارم 47 اور 9مئی پر موقف واضح اور دوٹوک ہے، پی ٹی آئی نے فارم 47 سے متعلق سٹینڈ پر کمپرومائز کیا، ایک لیگل ڈاکومنٹ کے ہوتے ہوئے شفاف تحقیقات کی بجائے نئے الیکشن کا مطالبہ کیا گیا۔ پی پی، ن لیگ ایک دوسرے کے خلاف ٹویٹس کے ذریعے نوراکشتی میں ملوث ہیں، عوام سب جانتے ہیں، انہوں نے مل کر ملک کا بیڑہ غرق کیا، یہ رجیم چینج میں ملوث تھے، یہ آج بھی ایک ہیں۔ جماعت اسلامی کسی سے سیاسی و انتخابی اتحاد نہیں کرے گی، مشترکات پر رابطوں اور بات چیت کا عمل جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں انہوں نے پنجاب وسطی کے لیڈرشپ کنونشن سے خطاب کیا۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم، امیر پنجاب وسطی جاوید قصوری، امیر لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ، مختلف اضلاع اور تحصیلوں کی قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ امیر جماعت سندھ اور بلوچستان کے دوروں کے بعد منصورہ پہنچے تھے۔ ملک گیر ممبر شپ کمپین اور پرامن قومی مزاحمتی تحریک برپا کرنے کے لیے وہ جماعت اسلامی کی مقامی قیادت سے ملاقاتیں کررہے ہیں اور انہیں عوام اور خصوصی طور پر نوجوانوں کو موبلائز کرنے کے لیے ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔ وہ آنے والے دنوں میں پنجاب جنوبی، پنجاب شمالی کے لیڈرشپ کنونشنز سے خطاب کریں گے اور بعدازاں صوبہ خیبر پختوانخواہ کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دینی خدمات سرانجام دینے اور قوم کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے کے خواہش مند تمام مردو خواتین کے لیے جماعت اسلامی کے دروازے کھلے ہیں، ممبرشپ مہم کے بعد عوامی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی اور جمہوری آزادیوں، آئین و قانون کی بالادستی، لاپتہ افراد کے مسئلہ، لیں نڈ اور ایکشن ریفارمز اور تعلیم و صحت کے ایجنڈا پر قومی تحریک کا آغاز ہوگا، ملک پر مسلط مافیا سے عوام کی جان چھڑائیں گے۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ ملک گیر ہڑتال کے لیے تاجر تنظیموں نے بھی کال دی ہے، واضح کردوں ہمارے درمیان کوئی تقسیم نہیں، تاجر متحد ہیں، جماعت اسلامی تاجر تنظیموں سے رابطہ میں ہے، تاجروں سے اپیل کرتا ہوں کہ اپنے درمیان اتحاد برقرار رکھیں اور تقسیم کی حکومتی سازشوں سے باخبر رہیں، انہیں کامیاب نہ ہونے دیں۔ امیرجماعت کا کہنا تھا کہ 9مئی کے واقعات کے تمام کرداروں کو سامنے لایا جائے،اس کے عدالتی کمیشن بنے، تمام حقائق سے قوم آگاہ ہوں، عوام کیوں سیکیورٹی تنصیبات تک پہنچے انہیں روکا کیوں نہیں گیا، روکنے والے کہاں تھے، سب حقائق عوام کے علم میں ہونے چاہییں۔ انہوں نے حکمران سے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیررازم کے نام پر پوری نوجوان نسل کو کارنر سے لگانے کی کوشش نہ کی جائے، اس کے نتائج ریاست کے لیے فائدہ مند نہیں ہوں گے، نوجوانوں کو بولنے اور مثبت تنقید کی اجازت ہونی چاہیے، ہر سیاسی ورکر اپنا موقف دے سکتا ہے، طاقت اور ڈنڈے کے زور پر سب کو دبانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، دین کے نام پر انتشار پھیلانے اور ملکی سلامتی کے خلاف پروپیگنڈہ کی اجازت نہیں دی جاسکتی، جماعت اسلامی ان تمام امور پر مشاورت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے انٹرنیٹ بند کرکے نوجوانوں کا روزگار نہ چھینا جائے، یہ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کا دور ہے، نوجوانوں کا روزگار نہ چھینا جائے، حکومت لوگوں کی پرائیویسی اور ہر چیز کو فلٹر کرنے کی کوششیں نہ کرے تو بہتر ہوگا۔ سابق آئی ایس آئی چیف فیض حمید سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فوجی معاملات پر ان کے ادارہ جاتی احتساب کی حمایت کرتے ہیں، یہ حق آئین نے فوج کو دیا ہے، البتہ اگر کوئی سیاسی معاملہ ہے تو عوام کو آگاہ کیا جائے، یہ خفیہ نہیں ہونا چاہیے، اسی طرح اگر کرپشن کے معاملات ہیں تو بھی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے اور اس دائرہ کار کو بارڈر سمگلنگ اور دیگر خردبرد کے حوالے سے وسیع ہونا چاہیے، کرپشن میں ملوث تمام کرداروں کو قوم کے سامنے لایا جائے۔ انہوں نے انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے طلبا کے ہاسٹل خالی کرائے جانے کے حکومتی عمل کی بھی مذمت کی اور کہا کہ جماعت اسلامی طلبا کے موقف کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور ان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے تمام پارٹیز کے سیاسی ورکرز سے اپیل کی کہ وہ مہنگی بجلی، گیس کے خلاف اور عوام کے حقوق کے کیے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا عوام میں جماعت اسلامی بھرپور پزیرائی حاصل کررہی ہے، انشائاللہ اللہ تعالی کی مددونصرت اور عوام کی تائید سے ملک میں انقلاب لائیں گے۔
#/S