جلسہ گاہ میں حاضری دیدی، سلام قبول کریں:  علی امین کارکنوں سے گفتگو کے بعد واپس روانہ
آزاد عدلیہ پر کسی صورت قدغن قبول نہیں کریں گے، بیرسٹر گوہر
 آج تمام فسطائیت کا خاتمہ ہو گیا،حماد اظہر
 بانی پی ٹی آئی ڈٹے ہوئے ہیں وہ عوام کو آزادی دلوائیں گے۔ لطیف کھوسہ
آئینی ترمیم کا مقصد عمران خان کو فوجی عدالتوں سے سزا دلوانا ہے، سلمان اکرم راجہ
 راستہ نکالو، اگر ایسا نہیں کرو گے تو ملک تباہ ہو جائے گا۔پی ٹی آئی رہنماوں کا لاہور جلسے سے خطاب

لاہور( ویب  نیوز)

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر  نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ پر کسی صورت قدغن قبول نہیں کریں گے۔ راستہ نکالو، اگر ایسا نہیں کرو گے تو ملک تباہ ہو جائے گا۔لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمیں جلسہ کرنے کے لیے این او سی تک نہیں دیا جاتا، امریکا کا ویزا بھی اس سے پہلے مل جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اداروں کو آپس میں لڑانا نہیں چاہتے، عدلیہ کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پاکستان کے عوام جمہوریت کے سوا کچھ قبول نہیں کریں گے، آزاد عدلیہ پر قدغن کسی صورت قبول نہیں کریں گے، ہم آزاد عدلیہ کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ پاکستان جمہوریت کے سوا کچھ نہیں چلے گا، ہم بتانا چاہتے ہیں کہ ہم نے ایک دوسرے کے راستے بہت بند کیے، اب مزید راستے بند نہ کرو، راستہ نکالو، اگر ایسا نہیں کرو گے تو ملک تباہ ہو جائے گا۔عوام کو عوام کے ساتھ مت لڑاو، اداروں کو اداروں کے ساتھ نہ لڑاو، خدا را! عوام کی آواز کو دیکھو، پاکستان کے عوام تہیہ کر بیٹھے ہیں کہ آزاد عدلیہ ہو گی، آزاد عدلیہ کے سوا کچھ قبول نہیں ہے۔پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا کہ آج تمام فسطائیت کا خاتمہ ہو گیا ، گزشتہ دو سال سے یہاں نہ جمہوریت ہے اور نہ ہی انسانی حقوق حفاظت کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ملک کی حاکمیت رب کے بعد عوام کے پاس ہے ، عوام نے آٹھ فروری کو اور آج ثابت کیا آپ جھکنے والے نہیں ہیں ، شکر کریں بانی تحریک انصاف قانون آئین کی عزت کرتا ہے۔حماد اظہر نے مزید کہا کہ عوام کو اس ملک کا حکمران بنانا ہو گا، یہ جعلی وزیراعلی الیکشن ہار چکی ہیں ، سنا ہے یہ حکومت جا رہی اور ایک کٹھ پتلی کو تیار کیا جا رہا ہے ، لیکن اب صرف عوام آئے گی۔دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما اور قانون دان لطیف کھوسہ نے کہا کہ گزشتہ ہفتے شب خون مارنے کی کوشش کی گئی، 24ویں ترمیم منظور نہیں کرواسکے تو آرڈیننس جاری کردیا گیا ہے۔لطیف کھوسہ نے کہا کہ نواز شریف تو کہتے تھے ووٹ کو عزت دو، کیا ووٹ کو ایسے عزت دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ فارم 47 کی حکومت ہم پر مسلط کی گئی ہے، ملک پر قبضہ کیا گیا ہے، بانی پی ٹی آئی ڈٹے ہوئے ہیں وہ عوام کو آزادی دلوائیں گے۔پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ اب ثابت قدمی کا وقت آگیا ہے ہمیں ایک فریبی دشمن کا سامنا ہے، ایک آئینی ترمیم کے ذریعے ایک عدالت قائم کی جارہی ہے، ہم نے سڑکوں پر نکلنا ہے اور جبر کو قبول نہیں کرنا۔ انہو ں نے کہا کہ ہم ایک انتہائی مکار اور چالاک دشمن سے لڑ رہے ہیں، 8 فروری کو فریب ہوا، آپ کا ووٹ چوری ہوا اور ایک جھوٹی حکومت قائم کر دی گئی۔اب یہ جھوٹی حکومت اپنے جھوٹ کو چھپانے کے لیے آئین میں ترمیم کرنا چاہتی ہے، ان ترمیم کے خلاف آپ کو لڑنا ہے، اس ملک کی تقدیر کا معاملہ ہے، ایک جھوٹی عدالت قائم کی جا رہی ہے، ہم اس کو نہیں مانتے، ہم قاضی فائز عیسی کو نہیں مانتے، ہم انہیں کہہ چکے ہیں کہ آپ بغض میں ڈوبے ہوئے ہیں، آپ 26 اکتوبر کو گھر چلے جائیں اور اس سیاہ عدالت کا حصہ نہ بنیں۔اس سیاہ عدالت کے دو مقصد ہیں کہ پی ٹی آئی پر پابندی عائد کی جائے، اور اس عدالت سے حکم لیا جائے، ان کا دوسرا ارادہ یہ ہے کہ عمران خان کو فوجی عدالتوں سے سزا دلوائی جائے، کیوں کہ یہ ناکام ہو چکے ہیں۔آئینی عدالتوں سے ان کے تمام مقدمے ناکام ہو چکے ہیں، عمران خان کو جھوٹی عدالت سے جھوٹے مقدموں میں سزا دلوانا چاہتے ہیں، ہم ان کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہمارے غضب سے پورے پاکستان کی سڑکیں تھرتھرائیں گی۔ہم ان کو کہتے ہیں کہ ہم ثابت قدمی کے ساتھ ان کا مقابلہ کریں گے، ہمارا کوئی مقابلہ نہیں کر سکے گا، ہم نے میدانوں اور سڑکوں پر نکلنا ہے، ہم نے کسی چیز کو قبول نہیں کرنا، عمران خان کو آزاد کروانا ہے


جلسہ گاہ میں حاضری دیدی، سلام قبول کریں:  علی امین کارکنوں سے گفتگو کے بعد واپس روانہ
وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کا وقت ختم ہونے کے بعد پہنچے اور کارکنوں سے گفتگو کی۔6 بجے جلسے کا وقت ختم ہونے پر ڈی جے نے ساونڈ سسٹم بند کر دیا اور لائٹس بھی بند ہوگئیں جس کے باعث جلسہ گاہ میں اندھیرا چھا گیا۔پولیس نے مائیک اورلائٹس بندکرائیں، پولیس اہلکاروں نے پی ٹی آئی رہنماں سے اسٹیج خالی کروا کر کنٹرول سنبھال لیا جب کہ چیئرمین  پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر بھی اسٹیج  سے اترگئے۔لائٹس بند ہونے پر شرکا جلسہ گاہ سے واپس چلے گئے۔جلسہ ختم ہونے کے بعد وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور جلسہ گاہ پہنچے اور  وہاں موجود کارکنوں سے گفتگو کی۔ علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ  راستے بند ہونے کے باوجود میں جلسہ گاہ پہنچا ہوں،  مجھے یہاں خطاب کرنا تھا اور لاہوریوں سے ملنا تھا۔وزیراعلی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ  میں نے یہاں آکر  جلسہ گاہ میں حاضری دے دی، میراسلام قبول کریں۔علی امین گنڈا پور کارکنوں سے مختصر گفتگو کے بعد رنگ روڈ سے ہی واپس روانہ ہوگئے