سوات میں غیرملکی سفرا کی سیکیورٹی پر مامور پولیس وین کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید
سفارت کار مقامی ایوان صنعت تجارت کی دعوت پر وادی سوات دورہ پر تھے۔
قافلے میں انڈونیشیا،، زمبابوے، ایران، روس اور دیگرممالک کے سفیر شامل تھے۔
وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے
مالم جبہ+سوات ( ویب نیوز)
ضلع سوات میں غیرملکی سفرا کے قافلے کی سیکیورٹی پر مامور پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں کم از کم ایک اہلکار شہید اور چار زخمی ہو گئے۔سوات میں مالم جبہ روڈ پر واقع جہان آباد کے علاقے میں پولیس وین میں دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں چار اہلکار زخمی ہو گئے۔زخمی اہلکاروں کو فوری ہسپتقل منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔شہید اہلکار کی شناخت کانسٹیبل برہان کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمیوں میں سب انسپکٹر سرزمین، کانسٹیبل امان اللہ، کانسٹیبل حبیب گل اور ڈرائیور رحمت اللہ شامل ہیں۔سوات کے ضلعی پولیس افسر زاہد اللہ خان نے بتایا کہ سفارت کار مقامی چیمبر آف کامرس کی دعوت پر وادی سوات کے علاقے کا دورہ کر رہے تھے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کا جو دستہ قافلے کی قیادت کر رہا تھا، وہ سڑک کے کنارے نصب بم سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور چار زخمی ہو گئے۔پولیس نے بتایا کہ قافلے میں موجود تمام تقریبا درجن سفارت کار محفوظ تھے اور واپس اسلام آباد چلے گئے۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد علی گنڈا پور نے بھی واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام سفیر حملے میں محفوظ رہے اور اسلام آباد روانگی سے قبل انہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق قافلے میں انڈونیشیا، پرتگال، قازقستان، بوسنیا ہرزی گوینیا، زمبابوے، روانڈا، ترکمانستان، ویتنام، ایران، روس اور تاجکستان کے سفیر شامل تھے۔دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو بھی شدید نقصان پہنچا۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کے اعلی حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیر اعلی نے دھماکے میں ایک پولیس اہلکار کی شہادت پر تعزیت کرتے ہوئے شہید اہلکار کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں، شہید کے اہل خانہ کی بھر پور مالی معاونت کی جائے گی اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والے پولیس جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔#/S