ڈیرہ اسماعیل خان، سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے میں 10سیکورٹی اہلکار شہید ، 3 زخمی
ملک میں امن کے لیے قیمتی جانیں قربان کرنے والے شہدا کی قربانیوں کا قرض نہیں اتار سکتے،وزیر داخلہ محسن نقوی
ڈیرہ اسماعیل خان ،اسلام آباد( ویب نیوز)
درازندہ روڈ پر سیکورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملے میں 10سیکورٹی اہلکار شہید جبکہ 3اہلکار زخمی ہوگئے، شہید و زخمیوں کو فوری طور پر سی ایم ایچ ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کردیا گیا، حملے کے بعد سیکورٹی اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا، ۔ تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز کا قافلہ ایف سی زام پکٹ واقع درازندہ پہاڑ کی طرف روانہ تھا کہ درازندہ روڈ پر دہشتگردوں نے سیکورٹی فورسز پر اچانک حملہ کردیا، حملے کے نتیجے میں 10سیکورٹی اہلکار نائب صوبیدار محمد جان محسود ، نائیک محمد عارف خٹک، لانس نائیک سعید الرحمن محسود، سپاہی اخون زادہ محسود، سپاہی حضرت اللہ محسود، سپاہی مشتاق احمد محسود، سپاہی عبد الصمدمحسود، سپاہی عمران خٹک، سپاہی بصیر اللہ خٹک،سپاہی مہتاب خٹک شہید ہوگئے، جبکہ تین سیکورٹی اہلکار نائیک حمزہ نور، سپاہی حسن، سپاہی صابر ایوب زخمی ہوگئے ، جن کو فوری طور پر سی ایم ایچ ہسپتال ڈیرہ منتقل کردیا گیا، واقعہ کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا، ترجمان وزارت داخلہ کے مطابق دہشتگردوں نے ڈیرہ اسمعیل خان کے علاقے درازندہ میں زام ایف سی چیک پوسٹ پر رات کی تاریکی میں بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا، دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے ایف سی کے 10 جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔ترجمان کے مطابق شہید جوانوں نے جانیں نچھاور کرکے دہشتگردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ ناکام بنایا، شہید ہونے والے ایف سی کے 6 جوانوں کا تعلق جنوبی وزیرستان جبکہ 4 جوانوں کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ ایف سی کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، ایف سی دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے اور قیام امن کے لئے پر عزم ہے،شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ادھر، وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسمعیل خان میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید ایف سی کے 10 اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہدا کے خاندانوں سیدلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا، ان کا کہنا تھا کہ ایف سی اور پولیس اہلکاروں نے شہادت کا اعلی مرتبہ پایا، شہدا کی عظیم قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدا ہمارے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے، ملک میں امن کے لیے قیمتی جانیں قربان کرنے والے شہدا کی قربانیوں کا قرض نہیں اتار سکتے۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایف سی اور خیبرپختونخوا پولیس کے افسروں اور جوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں، قوم ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور شہدا ہمارے لیے سرمایہ افتخار ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ رات میانوالی کے علاقے ملاخیل میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔۔