5دسمبر کو بانی پی ٹی آئی  نے مذاکراتی کمیٹی بنائی،  اداروں کی مداخلت برداشت نہیں کرینگے،عمر ایوب
پی ٹی آئی رہائی کی بھیک نہیں مانگ رہی ہے، قانون اور آئین کو روند کر سزائیں سنائی جارہی ہیں،سینیٹر شبلی فراز
حکومت کے خلاف ہماری چارج شیٹ کی لمبی فہرست ہے،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی پریس کانفرنس

 بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے ،اسد قیصر
 خواہش ہے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو،تمام فریقین ملکر پاکستان کے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے کردار ادا کریں

اسلام آباد (ویب  نیوز )

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما ء اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ ہم نے مذاکرات کے دوسرے دور میں دوٹوک کہا تھا پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کروائی جائے، ہم نے اداروں کی غیر موجودگی میں ملاقات کا مطالبہ کیا تھا۔پارٹی کے سینئر رہنمائوں کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ آج تک ہمیں حکومت کی جانب سے کوئی معلومات نہیں ملی، 5دسمبر کو بانی چیئرمین نے مذاکراتی کمیٹی بنائی، ہم اداروں کی مداخلت برداشت نہیں کریں گے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہم نے مذاکرات کے دوسرے دور میں دوٹوک کہا تھا بانی چیئرمین سے ملاقات کروائی جائے، ہم نے اداروں کی غیر موجودگی میں ملاقات کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہر جگہ اداروں کی مداخلت موجود ہے، ہم چاہتے ہیں 9مئی اور 26نومبر کے واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، بانی چیئرمین نے کہا جو اذیتیں میں نے برداشت کی میں نے سب کو معاف کیا، مذاکراتی کمیٹی کے دوسرے سیشن میں ملاقات کرانے پر اتفاق ہواتھا۔ عمر ایوب نے کہا کہ حکومت کی مذاکرات میں سنجیدگی ہماری بات ماننے سے ثابت ہوگی، بانی پی ٹی آئی سے آزادانہ ماحول میں ملاقات کا موقع فراہم کیاجائے۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ القادر ٹرسٹ کا فیصلہ نہ آنے پر ہمیں تشویش ہے، القادر ٹرسٹ کا فیصلہ فوری آنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی پر سیاسی بنیادوں پر کیسز بنائے گئے۔ پی ٹی آئی رہائی کی بھیک نہیں مانگ رہی ہے، قانون اور آئین کو روند کر سزائیں سنائی جارہی ہیں، اس طرح کی حرکتوں سے ملک میں استحکام نہیں آئے گا، ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو دیوار کے ساتھ لگایا ہوا ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر نے کہا کہ بانی چیئرمین پر 200سے زائد کیسز بنائے گئے، ہماری جیت کو شکست میں تبدیل کیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ  حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات میں ڈیڈلاک نہیں آنا چاہیے، اور یہ مذاکرات کامیاب بھی ہونے چاہئیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہاکہ ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے ملاقات کے بعد حکومتی کمیٹی سے تیسری میٹنگ ہوگی۔انہوں نے کہاکہ 8 فروری کو پہلے ہمیں الیکشن سے روکا گیا، اور پھر ہماری فتح کو شکست میں بدلا گیا، حکومت کے خلاف ہماری چارج شیٹ کی لمبی فہرست ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہم مذاکرات صرف پاکستان کے عوام کی خاطرکررہے ہیں، عمران خان پر بنایا جانے والا القادر ٹرسٹ کیس بے بنیاد ہے۔

 بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے ،اسد قیصر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بغیر مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے ۔۔ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے تاحال بانی پی ٹی آئی سے ملاقات سے متعلق کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی اراکین اور پارٹی کور کمیٹی کو مذاکراتی عمل پر مکمل اعتماد میں لیا گیا۔ تاہم اگلی مذاکراتی نشست سے قبل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ضروری ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر مذاکراتی عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت شدید معاشی اور سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔ تاہم سب لوگ اپنی انا اور ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر قومی مفاد کو ترجیح دیں۔رہنماء پی ٹی آئی نے کہا کہ خواہش ہے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔ اور تمام فریقین مل کر پاکستان کے مستقبل کو بہتر بنانے کے لیے کردار ادا کریں۔