صوبائی الیکشن کمشنر کاپنجاب میں امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے کا نوٹس، آئی جی سے رابطہ

ریٹرننگ افسران کے کام میں مداخلت کسی صورت قابل برداشت نہیں، الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل

الیکشن کمیشن نے شفاف انتخابات کرانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ دینی ہے

 الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانا امیدواروں کا حق ہے، پولیس نے کسی امیدوار کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا تو کارروائی ہوگی

تمام آر پی آوز کو ہدایات جاری کر دی ہیں، شفاف انتخابات کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ ہیں، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکی یقین دہانی

لاہور( ویب  نیوز)

صوبائی الیکشن کمشنر نے پنجاب میں امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے کے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ پنجاب میں امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے اور پولیس کی مداخلت کی شکایات پر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسران کے کام میں مداخلت کسی صورت قبول نہیں، الیکشن کمیشن نے شفاف انتخابات کرانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ دینی ہے، الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانا امیدواروں کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے کسی امیدوار کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا تو کارروائی ہوگی، شفاف الیکشن میں کسی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبائی الیکشن کمشنر کو تعاون کی یقین دہانی کرا دی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ تمام آر پی آوز کو ہدایات جاری کر دی ہیں، شفاف انتخابات کرانے کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ ہیں، کوئی بھی افسر غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو کارروائی کریں گے۔