الخدمت فاؤنڈیشن کی امدادی کھیپ مصرپہنچ گئی، ریڈکریسنٹ کے ذریعے غزہ پہنچے گی
حکومت پاکستان،این ڈی ایم اے کی معاونت سے10دنوں میں ایک ارب مالیت کافوڈپیکج روانہ کررہے ہیں، صدرالخدمت فاؤنڈیشن
چارفلائٹس میں غزہ کے20ہزارخاندانوں کیلئے ایک ماہ کاراشن ہوگا،اب تک4545ٹن سامان روانہ کرچکے، ڈاکٹر حفیظ الرحمن
لاہور (ویب نیوز)الخدمت فائونڈیشن نے این ڈی ایم اے اور حکومت پاکستان کے تعاون سے غزہ متاثرین کیلئے 100 ٹن امدادی سامان کی 30 ویں کھیپ لاہورسے العریش ائیرپورٹ قاہرہ کیلئے روانہ کردی جومصرپہنچ گئی اور ریڈکریسنٹ مصر کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پریہ امدادی سامان غزہ پہنچایاجائے گا۔ مرکز ی صدر الخدمت فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹرحفیظ الرحمن،اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان، سیکرٹری جنرل الخدمت سید وقاص جعفری، ممبر آپریشنز این ڈی ایم اے بریگیڈیئر کامران احمد، چیئرمین الخدمت ہیلتھ ڈاکٹر زاہدلطیف سمیت این ڈی ایم اے اور حکومتی نمائندوں نے امدادی سامان غزہ کے فلسطینی مسلمانوں کیلئے روانہ کیا۔ صدر الخدمت ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ 15 کروڑ مالیت کے امدادی سامان میں پانچ ہزار خاندانوں کیلئے ایک ماہ کا فوڈ پیکج ہے جس میں آٹا،چاول،کوکنگ آئل،تیارفوڈ،فروٹ کاک ٹیل،فروٹ جیم،سویٹ کارن شامل ہے۔ اگلے 10دنوں کے دوران این ڈی ایم اے اور حکومت پاکستان کے اشتراک سے تین کھیپ مزید روانہ کریں گے ،اس طرح مجموعی طورپر 20ہزار خاندانوں کیلئے ایک ارب روپے مالیت کا امدادی سامان غزہ کے فلسطینی بہن بھائیوں اوربچوں کیلئے روانہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی جانب سے مصائب میں گھرے اہل غزہ کے لئے محبتوں کا پیغام ہے حالیہ عرصے میں پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے ہم خودمشکلات کا شکار ہیں لیکن کسی بھی لمحے ہم اپنے غزہ کے بہن بھائیوں اور بچوں کو نہیں بھولے،الخدمت گزشتہ 23 مہینوں سے ہر ممکن ذرائع سے مسلسل غزہ کے بے گھر فلسطینی خاندانوں کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے اور اب تک ہزاروں ٹن امدادی سامان غزہ متاثرین کیلئے روانہ کرچکی ہے۔جن میں غذائی اجناس،تیارکھانا، گوشت، ادویات، خیموں سمیت دیگرامداد ی سامان بھیجاگیا۔ پاکستانی قوم کی جانب سے الخدمت، امدادی سامان کی فراہمی کاسلسلہ جاری رکھے گی اور ہرممکن طریقے سے غزہ کے فلسطینی بہن بھائیوں کے ریلیف کیلئے اقدامات کرے گی۔انہوں نے کہا کہ غزہ کیلئے الخدمت فانڈیشن اب تک 4545 ٹن امدادی سامان فراہم کرچکی ہے، حالیہ کھیپ، ریڈکریسنٹ مصر کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر غزہ کے اندر متاثرین تک پہنچے گی۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ فلسطینی عوام کے لیے امدادی سامان کی روانگی ایک قابلِ تحسین قدم ہے، جس پر این ڈی ایم اے اور الخدمت فائونڈیشن کے کردار کو سراہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یہ کاوش محض امداد نہیں بلکہ اسلامی بھائی چارے اور یکجہتی کی عملی مثال ہے۔ غزہ کے عوام کی مدد پاکستان کے اصولی اور تاریخی موقف کا تسلسل ہے۔





