بنوں: ایف سی لائن پر خودکش حملہ، آپریشن میں 6 دہشتگرد ہلاک، 6 سیکیورٹی اہلکار شہید

دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی ایف سی لائن کی دیوار سے ٹکرا کر دھماکہ کر دیا

بنوں (ویب  نیوز)

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشتگردوں کے خودکش حملے کے نتیجے میں  6 سیکوررٹی اہلکارشہید ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 6دہشت گرد مارے گئے ، ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے ایف سی لائن پر حملہ کردیا، دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی ایف سی لائن کی دیوار سے ٹکرا کر دھماکہ کر دیا۔جو زوردار دھماکہ سے پھٹ گئی ، گاڑی کے پرزے اور خودکش کے جسمانی اعضا دور دور جا گرے اور  چھ دہشت گرد ایف سی لائن میں داخل ہو کر سیدھا دفاتر میں گھس گئے اور چھوٹے بڑے جدید ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کر دی ، دھماکہ اتنا شدید تھا کہ دور دور علاقوں میں بھی کھڑکیاں و دروازے لڑکھڑا گئے جبکہ قریبی مکانات و دکانات کو شدید نقصان پہنچا ،سکیورٹی آپریشن کے باعث بنوں کوہاٹ روڈ کو مکمل طور پر سیل کیا گیا تھا ، آپریشن مکمل ہونے کے بعد چھ حملہ اور مارے گئے جبکہ پانچ ایف سی اہلکار اور ایک آرمی اہلکار سمیت چھ سکیورٹی جوان شہید ہو گئے ، جبکہ 19 زخمی ہو گئے ہیں جن میں سات ایف سی اہلکار ، ایک آرمی میجر ،  ایک ایس ایچ او سمیت چار پولیس اہلکار اور تین عام شہری شامل ہیں، زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال اور ملٹری کمپاونڈ ہسپتال میں طبی امداد دی گئی جبکہ ایس ایچ او دمساز مروت کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کیا گیا ہے ،ایف سی لائنز کے باہر موجود ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان نے بتایا کہ آپریشن کی قیادت بنوں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سلیم عباس نے کی، آپریشن میں پولیس ، آرمی ، ایف سی اور ایس ایس جی کمانڈوز نے حصہ لیا ، ایس ایس پی انوسٹی گیشن بنوں کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف بنوں پولیس و سیکورٹی فورسز کا آپریشن مکمل ہوگیا اور  تمام 06 دہشتگرد ہلاک کردئیے گئے،منگل کی صبح فرنٹیئر کانسٹیبلری لائن پردہشت گردوں نے حملہ کیا۔ دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی ایف سی لائن کی دیوار سے ٹکرائی اور بعد ازاں لائن کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔اطلاع ملتے ہی ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان کی براہِ راست نگرانی میں ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی، ایس پی سی ٹی ڈی فضل واحد، بنوں پولیس، RRF، QRF نفری، APC اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن میں شروع کیا۔اور آر پی او بنوں ریجن و ڈی پی او بنوں سلیم عباس کلاچی خود آپریشن کو لیڈ کرتے رہے۔کامیاب آپریشن کے نتیجے میں تمام 06 دہشت گرد مارے گئے  جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور کھانے پینے کا سامان بھی برآمد ہوا۔ خودکش کار دھماکے اور آپریشن میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کے 05 اور پاک فوج کا ایک اہلکار شہید ہوا، جبکہ پولیس و سکیورٹی فورسز کے 16 اہلکار اور 03 سویلین زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخواہ ذوالفقار حمید اور ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان نے کامیاب آپریشن پر پولیس اور سکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا آپریشن میں حصہ لینے والے بنوں پولیس سمیت تمام سکیورٹی فورسز نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مثالی جرات اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔  انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر پوری فورس کو سلام پیش کرتا ہوں۔ آپریشن میں حصہ لینے والے تمام پولیس افسران و جوان ہمارا فخر اور سرمایہ ہیں، جبکہ زخمی اہلکار ہمارے ہیروز ہیں جنہوں نے فرنٹ لائن پر دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔آئی جی خیبرپختونخواہ نے آپریشن میں شہید اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کی قربانی کو خراج تحسین پیش کیا۔ اور آپریشن میں حصہ لینے والے تمام جوانوں کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعامات کا اعلان کیا اور کہا کہ پولیس اور سکیورٹی فورسز عوام کے تعاون سے ہی امن دشمنوں کے عزائم کو ناکام بناتے رہیں گے اور انہیں منطقی انجام تک پہنچائیں گے