کراچی میں ٹماٹر کی قیمت میں 700روپے فی کلو تک پہنچ گئی
کراچی ( ویب نیوز)
کراچی سمیت ملک بھر میں ٹماٹر کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوگیا۔شہر قائد میں ٹماٹر مرغی کے گوشت سے بھی مہنگا ہوگیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں 500 سے 700 روپے کلو میں ٹماٹرفروخت ہونے لگا۔ سرکاری نرخ کے مطابق ٹماٹر کی قیمت 322 روپے مقرر ہے۔فیڈرل بی ایریامیں ٹماٹر650روپے کلو، گلشن اقبال، برنس روڈ میں ٹماٹر700 روپے کلو میں فروخت ہورہا ۔شہید بینظیر آباد کی تحصیل سکرنڈ میں ٹماٹر رواں سال کی بلند ترین سطح 600 روپے کلو پر پہنچ گیا،ٹماٹر کی اونچی اڑان نے شہریوں کو مشکل میں ڈال دیا۔دوسری جانب فیصل آباد میں انتظامی نااہلی کی وجہ سے دکانداروں نے مہنگائی کا بازار گرم کررکھا ہے۔ مٹر اور ٹماٹر 500 روپے کلو میں فروخت ہورہے ہیں۔کوئٹہ میں ٹماٹر 300 روپے فی کلو میں فروخت کیاجارہا ہے۔ مٹرکی قیمت 400روپے فی کلوتک پہنچ گئی۔ شہر میں دیگر سبزیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔





