پریکٹس اینڈ پروسیجر رولز 48گھنٹوں میں ہائیکورٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈکرنے کا حکم

اسلام آباد  (  ویب  نیوز  )

اسلام آباد ہائیکورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر رولز 48گھنٹوں میں ہائیکورٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر اپ لوڈکرنے کا حکم دے دیا۔  اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ٹی سی ایل سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران احکامات جاری کیے۔ عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ بارز کو بھی رولز کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔  دوران سماعت عدالت نے پریکٹس اینڈ پروسیجر رولز سے متعلق وکیل سےاستفسار کیا جس پر وکیل نے اس کی تفصیلات سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا۔

وکیل درخواست گزار نے کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر رولز حاصل کرنے کے لیے درخواست دے رہے ہیں، اس پر جسٹس محسن اختر نے ریمارکس دیے کہ ہم نے وہ ہائیکورٹ رولز بنائے جو ہمیں بھی نہیں ملے، میں جج ہوں اور مجھے نہیں ملے، آپ کو کیسےملیں گے، فل کورٹ نے رولز منظور کیے لیکن باہر نہیں نکالےگئے۔

جسٹس محسن نے کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر رولز ایک سیکریٹ ڈاکومنٹ ہے، آپ رولز کی فراہمی کے لیے رجسٹرار کو لکھ دیں۔  معزز جج نے کہا کہ 48گھنٹوں میں رولز ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنےکی ہدایت کردی ہے،  حکم پر عمل نہیں ہوا تو آپ کریمنل پروسیجرفائل کردینا، میں رجسٹرار کوبلالوں گا۔