کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر ہنگامہ آرائی، فائرنگ سے 9 افراد جاں بحق
کراچی(ما نیٹرنگ ڈیسک ): کراچی میں امریکی قونصل خانے کے قریب ہنگامہ آرائی کے دروان فائرنگ کے نیتجے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کی شہادت پر کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر ہونے والا احتجاج اس وقت کشیدہ صورتحال اختیار کر گیا ہے، مظاہرین کی امریکی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ہنگامہ آرائی کے بعد جھڑپوں میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔
مائی کولاچی روڈ پر امریکن قونصلیٹ کے قریب ہنگامہ آرائی اور ایم ٹی خان روڈ پر مظاہرین کے پتھراؤ کے بعد پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی، سلطان آباد پُل کے نیچے ٹریفک پولیس چوکی کو بھی آگ لگا دی گئی۔
پولیس کی جانب سے مجمع کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا گیا، تاہم صورتحال اس وقت مزید سنگین ہو گئی جب مظاہرین مبینہ طور پر قونصل خانے کا دروازہ توڑ کر احاطے کے اندر داخل ہو گئے۔
دوسری جانب کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر ہونے والے احتجاج کے باعث شہر کے اہم ترین تجارتی و سفارتی زون میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے پیشِ نظر سلطان آباد سے مائی کولاچی جانے والی سڑک دونوں اطراف سے بند کر دی گئی ہے، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل ہے۔
شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس نے متبادل روٹس جاری کیے ہیں، جناح برج سے آنے والی ٹریفک کو آئی آئی چندریگر روڈ کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔
بوٹ بیسن سے آنے والی ٹریفک کو مائی کولاچی پھاٹک سے یوٹرن کروایا جا رہا ہے، پی آئی ڈی سی سے آنے والی ٹریفک کو پارک کٹ سے واپس بھیجا جا رہا ہے، پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متبادل راستوں کا انتخاب کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔

لاہور پریس کلب کے سامنے بھی مظاہرہ کیا گیا اور مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کے طرف جانے کی کوشش کی مگر پولیس نے مظاہرین کو قونصلیٹ کے قریب جانے سے روک دیا، مظاہرین نے پریس کلب کے باہر دھرنا دے دیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق امریکی قونصلیٹ کے باہر لوگ پرامن ہیں اور بات بھی سن رہے ہیں، ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت احتجاج کرنے والوں کیلئے دکھ کی گھڑی ہے، مختلف جماعتوں کی جانب سے مختلف احتجاج ہو رہے ہیں، ان لوگوں کو بھی سکیورٹی دینی ہے۔





