..4..( عالمی تبلیغی اجتماع) رقت آمیز اختتامی دعا، لاکھوں فرزندانِ توحید تبلیغی پر مشن روانہ
ختمِ نبوتۖ کی بدولت دعوت و تبلیغ کی ذمہ داری اب اس امت کے سپرد ہے، لہٰذا ہر گھر اور ہر بستی سے دین کی سربلندی کے لیے نکلنا ہوگا۔
اختتامی دعا کے دوران پنڈال میں سناٹا اور ہر سو ٹریفک رک گئی، تبلیغی اکابرین کا مساجد آباد کرنے اور سنتِ نبویۖ پر عمل پیرا ہونے پر زور
رائے ونڈ ( بیورو چیف ) رائے ونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ بخیر و عافیت اور رقت آمیز اختتامی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا، جس کے بعد لاکھوں فرزندانِ توحید دینِ اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے لیے ملک بھر اور بیرونِ ممالک کے لیے روانہ ہو گئے۔ اجتماع کے دونوں مرحلوں کے دوران بند رہنے والا عالمی تبلیغی مرکز آج (پیر) کو معمول کی سرگرمیوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اتوار کے روز نمازِ فجر کے بعد ہی ردونواح اور دور دراز علاقوں سے ہزاروں افراد اختتامی دعا میں شرکت کے لیے پنڈال پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ اس موقع پر شہر کے تمام کاروباری مراکز اور فیکٹریوں میں چھٹی کا سماں رہا اور ملازمین نے اپنے بچوں کے ہمراہ اجتماع میں شرکت کی۔ دعا کے دوران پورے پنڈال میں سناٹا چھا گیا اور ہر طرف ٹریفک رک گئی، جبکہ حفاظِ کرام کی جماعتیں پنڈال کے اطراف قرآنِ حکیم کی تلاوت پر مامور رہیں۔
اختتامی دعا سے قبل لاکھوں کے مجمع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ابراہیم دیولہ اور مولانا عبیداللہ خورشید نے کہا کہ ختمِ نبوتۖ کی بدولت دعوت و تبلیغ کی ذمہ داری اب اس امت کے سپرد ہے، لہٰذا ہر گھر اور ہر بستی سے دین کی سربلندی کے لیے نکلنا ہوگا۔ مقررین نے کہا کہ نماز زندگی کو پاکیزہ بناتی اور برائیوں سے روکتی ہے، مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ مساجد کو آباد کریں، تہجد اور نوافل کا اہتمام کریں اور اپنے دنیاوی معاملات کو اسلامی شریعت کے مطابق ڈھالیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان نہ کسی کو دھوکہ دیتا ہے اور نہ دھوکہ کھاتا ہے، پورا دین دلوں کو جوڑنے کا نام ہے اور اللہ کے راستے میں خرچ کرنے والے کو کبھی کمی نہیں آتی۔ دعا سے قبل مولانا ضیاء الحق نے مجمع کو ضروری ہدایات دیں۔ سیکیورٹی کے حوالے سے اجتماع گاہ کو چاروں اطراف سے پولیس اور کمانڈوز نے گھیرے میں لیے رکھا، جبکہ ریلوے اسٹیشن اور ٹرینوں پر بھی کمانڈوز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ تعینات رہے۔ پنڈال کے اندر اور باہر نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے تبلیغی جماعت کے ڈنڈا بردار رضاکار دن رات ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے۔ دوسری جانب اجتماع کے اختتام پر ٹریفک پولیس اور آر ٹی اے حکام کی عدم توجہ کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا اور ٹرانسپورٹرز نے زائرین سے منہ مانگے کرائے وصول کیے۔ پنڈال کے اطراف کا کرایہ 100 روپے جبکہ رائے ونڈ تا لاہور 500 روپے فی کس تک وصول کیا گیا۔ علاوہ ازیں شہر میں سڑکوں کی اکھاڑ پچھاڑ اور گرد و غبار کے باعث شرکاء کو سانس اور آنکھوں کی جلن جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ اختتامی دعا کے بعد مندوبین نے مقامی بازاروں کا رخ کیا اور اپنے بچوں کے لیے تحائف کی خریداری کے بعد اپنی منزلوں کی جانب روانہ ہو گئے۔






