خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں جنگی تیاریاں بڑھانا ہونگی، جنرل قمر جاوید باجوہ
پاکستان کے اہم مفادات کے خلاف کچھ عناصر ہائبریڈ وار فیئر میں ملوث ہیں
پاکستان کے خلاف ہائبریڈ وار فیئر کے حوالے سے حکومتی پالیسی کے مطابق اقدامات کیے جائیں،آرمی چیف کی کورکمانڈرز کانفرنس میں گفتگو
کور کمانڈرز کانفرنس میں خطے و مقبوضہ جموں وکشمیر کی صورتحال سمیت کنٹرول لائن پر صورتحال اور آپریشنل ڈیپلائمنٹ کا جائزہ لیا گیا
کور کمانڈرز کا ملکی اندرونی سیکیورٹی کی بہتر صورتحال پر اطیمنان کا اظہار
آرمی چیف نے محرم میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فارمیشنز کی کارکردگی کو سراہا،ڈی جی آئی ایس پی آر
راولپنڈی(ویب ڈیسک ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں جنگی تیاریاں بڑھانا ہونگی۔ پاکستان کے اہم مفادات کے خلاف کچھ عناصر ہائبریڈ وار فیئر میں ملوث ہیں۔ پاکستان کے خلاف ہائبریڈ وار فیئر کے حوالے سے حکومتی پالیسی کے مطابق اقدامات کیے جائیں،آرمی چیف کور کمانڈرز کانفرنس میں گفتگو کررہے تھے،پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے زیر صدارت 235 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں خطے کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ فورم کو لائن آف کنٹرول کی صورتحال، ملک میں ٹڈی دل، کورونا، انسداد پولیو مہم، سیلاب کی صورتحال سمیت علاقائی سلامتی اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔۔ عسکری قیادت نے کنٹرول لائن پر صورتحال اور آپریشنل ڈیپلائمنٹ کا جائزہ لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کانفرنس سے خطاب میں کہنا تھا کہ پاکستان کے اہم مفادات کے خلاف کچھ عناصر ہائبریڈ وار فیئر میں ملوث ہیں۔ پاکستان کے خلاف ہائبریڈ وار فیئر کے حوالے سے حکومتی پالیسی کے مطابق اقدامات کیے جائیں۔ خطہ کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں جنگی تیاریوں کو بڑھانا ہوگا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق کورکمانڈرز کو افغانستان امن عمل، مغربی سرحد کے ساتھ باڑ لگانے میں پیشرفت اور آپریشن ردالفساد کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جب کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف وزریوں پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ کانفرنس میں افغانستان کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کور کمانڈرز نے ملکی اندرونی سیکیورٹی کی بہتر صورتحال پر اطیمنان کا اظہار کیا۔ آرمی چیف نے محرم میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فارمیشنز کی کارکردگی کو سراہا۔