کراچی (ویب ڈیسک)
عالمگیر وبا کورونا وائرس کے باعث جامعہ کراچی میں 6 ماہ مستقل تعلیمی سرگرمیاں معطل رہنے کے بعد ایک بار پھر آغاز ہوگیا، وائس چانسلر نے امتحانات کیلئے ہائبرڈ ماڈل متعارف کروادیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ہائبرڈ ماڈل میں روایتی امتحانات کے طریقہ کار میں اُن تمام اسائمنٹس، پریزنٹیشنز اور دیگر سرگرمیوں کو شامل کیا جائے گا جن میں طلبہ نے آن لائن کلاسز کے دوران حصہ لیا۔
خیال رہے کہ لاک ڈاؤن کے دوران ’ناقص منتظم آن لائن کلاسز‘ سے پریشان جامعہ کراچی کے سیکڑوں طلبہ نے انتظامیہ کے اگلے ہفتے سمسٹر امتحانات کے انعقاد کے فیصلے پر سخت احتجاج کیا جس کے بعد وائس چانسلر نے ڈینز کا اجلاس طلب کیا۔
جامعہ کراچی کے قائم مقام وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ امتحانات میں نمبروں کی تقسیم کورس انچارج کی ذمہ داری ہوگی جو طلبہ کی پورے سیمسٹر میں کارکردگی کو دیکھتے ہوئے دئیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ کورونا وبا کے بعد جامعہ کراچی کھلتے ہی ہزاروں طلبہ جامعہ کراچی کے انتظامی بلاک کے اندر اور باہر جمع ہوگئے اور 21 ستمبر سے سمسٹر امتحانات لینے کے فیصلے کے خلاف شدید احتجاج کیا۔
طلبہ نے اس موقع پر شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ جب جامعہ کراچی کے اساتذہ نے آن لائن کلاسز میں پڑھایا ہی نہیں بلکہ صرف اسائنمنٹ دیتے رہے تو اب کس بنیاد پر امتحان لیے جارہے ہیں۔
طلبہ نے مطالبہ کیا کہ ہمیں انہی اسائنمنٹ کی بنیاد پر پاس کیا جائے اور اگلے سیمسٹر اور کلاسز میں پروموشن دی جائے۔