سعودی عرب اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کا الیکشن ہار گیا
سعودی عرب کو 191 میں سے صرف 90 ووٹ ملے اور شکست کا سامنا کرنا پڑا
ازبکستان نے 164ووٹ، نیپال 150ووٹ، چین نے 139 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی
بین الاقوامی تنظیموں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام لگاکر سعودی عرب کی شدید مخالفت کی
جنیوا(ویب ڈیسک ) سعودی عرب اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے الیکشن میں ناکام ہوگیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے آئندہ تین سال کی مدت کیلئے الیکشن ہوئے جس میں ایشیا بحرالکاہل گروپ میں چار نشستوں پر پانچ ممالک میں مقابلہ تھا جن میں پاکستان، ازبکستان، نیپال، چین اور سعودی عرب شامل تھے۔انتخابات میں خفیہ ووٹنگ رائے دہی ہوئی جس میں پاکستان نے ریکارڈ ووٹ حاصل کئے اور 191 میں سے سب سے زیادہ 169 ووٹس لینے میں کامیاب ہوا۔ ازبکستان نے 164ووٹ، نیپال 150ووٹ، چین نے 139 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ سعودی عرب کو صرف 90 ووٹ ملے اور شکست کا سامنا کرنا پڑا۔انسانی کی بین الاقوامی تنظیموں نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام لگاکر سعودی عرب کی شدید مخالفت کی۔ گزشتہ روز 15 نشستوں پر الیکشن ہوئے اور رکن منتخب ہونے والے دیگر ممالک میں فرانس، برطانیہ، روس، بولیویا، گابون، ملاوی، میکسیکو، سینیگال، آئیوری کوسٹ، یوکرائن اور کیوبا شامل ہیں۔ کامیاب ممالک کی مدت یکم جنوری سے شروع ہوگی۔انسانی حقوق کے کونسل کے 47 ارکان ہیں اور الیکشن میں خطوں کی بنیاد پر 5 جغرافیائی گروپ بنائے گئے ہیں جن میں افریقہ، ایشیا بحرالکاہل، لاطینی امریکا، کیریبین، مغربی یورپ اور مشرقی یورپ شامل ہیں۔ امریکا انسانی حقوق کونسل پر اسرائیل مخالف ہونے کا الزام لگاکر رکنیت چھوڑ چکا ہے۔