اسلام آباد (ویب ڈیسک)
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نمل یونیورسٹی میں پاکستان کے پہلے نالج سٹی کا قیام میرا خواب ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ پاکستان میں پہلے نالج سٹی کا قیام میرا خواب ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے دو روز قبل میانوالی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ قومیں کپاس اور کپڑا فروخت کرنے سے نہیں بلکہ انسانوں پر اور تعلیم پر پیسہ لگانے سے امیر ہوتی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یہاں گرلز اسکول نہیں تھے، نہ اسپتالوں میں نرسز اور لیڈی ڈاکٹر تھیں، اب ہم اسپتالوں میں نرسز اور لیڈی ڈاکٹر تعینات کرنے کی پلاننگ کر رہے ہیں اور میں نے حکم دیا ہے کہ یہاں کے اسپتال خود اخباروں میں اشتہار دیکر ڈاکٹر بھرتی کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ قومیں کپاس اور کپڑا بیچنے سے امیر نہیں ہوتیں بلکہ تعلیم پر خرچ کرنے سے امیر ہوتی ہیں، ہم میانوالی میں ایک عالمی معیار کی نمل یونیورسٹی بنا رہے ہیں جو ایک نالج سٹی ہو گا، یہاں سے پورے پاکستان کے لیے زرعی شعبے پر ریسرچ ہو گی۔