اسلام آباد (ویب ڈیسک)
رومانیہ میں تیارکردہ جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس جہاز پی این ایس تبوک کو پاک بحریہ میں شامل کرلیا گیا۔
پی این ایس تبوک کی پاک بحریہ میں کمشننگ کی تقریب رومانیہ میں منعقد ہوئی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پی این ایس تبوک جدید آلات اور ٹیکنالوجی سے لیس ہے جو متعدد نیول آپریشنز سر انجام دینے کے ساتھ ساتھ ہیلی کاپٹر اور ڈرون لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ وزارت دفاعی پیداوار اور ڈامن شپ یارڈ کے درمیان پاک بحریہ کے لیے دو جہازوں کی تیاری کا معاہدہ طے پایا تھا۔ اسی طرز کا پہلا جہاز پی این ایس یرموک پہلے ہی پاک بحریہ میں شامل ہوچکا ہے۔ پاکستانی بحری بیڑے میں اس نئے جہاز کی شمولیت سے سمندری امور کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہوگا۔
جہاز کے کمانڈنگ آفیسر نے بھی جہاز کی تیاری پر ڈامن شپ یارڈ کے تعاون اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔