گلگت (ویب ڈیسک)

گلگلت بلتستان میں الیکشن کی گہما گہمی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ ہر جماعت کی جانب سے عوام کو لبھانے کی سر توڑ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انتخابات کے پیش نظر حکومت نے علاقے بھر میں 14 سے 16 نومبر تک عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔

الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ 15 نومبر 2020ء بروز اتوار کو گلگت بلتستان میں الیکشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ پولنگ کے روز گلگت کی عوام اپنے اپنے حلقوں میں اپنے امیدوار کیلئے ووٹ کاسٹ کریں گے۔

نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسی تناظر میں شہری اپنے علاقوں میں پہنچیں گے تاکہ وہ اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔ اس لئے سرکاری ملازمین کیلئے ناممکن ہے کہ وہ الیکشن کے روز ووٹ کاسٹ کرکے واپس اپنی ڈیوٹی پر پہنچ سکیں، اس لئے ان کی سہولت سور صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پورے گلگت بلتستان میں ہفتہ 14 نومبر سے پیر 16 نومبر تک عام تعطیل ہوگی۔