اسلام آباد (ویب ڈیسک ) شعیب احمد صدیقی، سیکرٹری وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام، اسلام آباد نے آئی نائن صنعتی ایریا میں فضل سافٹ ویئر ٹیکنا لوجی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کے لئے کوشاں ہے اور آئی ٹی ٹیکنالوجی پارک کے قیام میں فضل انڈسٹری کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور اسی سلسلے میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اس شعبے کے فروغ پرخاص توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چک شہزاد، اسلام آباد میں ایک نیا صنعتی پارک قائم کیا جارہا ہے اورحکومت آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ دینے کے لئے ادائیگیوں کے معاملات حل کرنے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ پاشا اور دیگر متعلقہ اداروں سمیت کاروبار کرنے میں آسانی کے لئے ایک فورم بنایا جائے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر اور فضل ٹیکنالوجی پارک کے سی ای او میاں شوکت مسعود نے کہا کہ ملک میں آئی ٹی کوتیزی سے فروغ مل رہا ہے اوراس اقدام کی حمایت پر وزارت انفارمیشن ٹکنالوجی اینڈ ٹیلی کام اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پالیسیوں میں تسلسل کو یقینی بنائے اور آئی ٹی انڈسٹری کو مذید مراعات دے تاکہ اس شعبہ کی برآمدات میں مذید بہتری لا ئی جا سکے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے فضل سافٹ ویئرٹیکنالوجی پارک کے قیام پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت کو آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ کے لئے مزید کوششیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی برآمدات کو فروغ دینے کی اچھی خاصی صلاحیت موجود ہے اور بہتر پالیسی مرتب کر کے اور ا صلاحات لا کر اس صلاحیت سے استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی آئی ٹی مصنوعات کی برآمدات پاکستان کے مقابلے میں 100 گنا زیادہ ہیں اور یہاں تک کہ بنگلہ دیش بھی آئی ٹی کی برآمدات میں پاکستان سے آگے ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو پائیدار ترقی اور غیر ملکی زرمبادلہ حاصل کرنے کے لئے آئی ٹی کے شعبے پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چائیے کہ وہ آئی ٹی کمپنیوں کے ادائیگی کے معاملات کو حل کرے کیونکہ متعدد پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں نے بیرون ملک اپنے دفاتر قائم کیے ہیں لہذا اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو چاہئے کہ وہ پے پال کے ذریعے آئی ٹی کمپنیوں کے ادائیگیوں کے معاملات حل کرے اور ادائیگی کے گیٹ وے تیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چائیے کہ وہ آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ دینے کے لئے خصوصی آئی ٹی اکنامک زون تیار کرے اور اس شعبے کو ترقی دینے کے لئے اسے طویل المدتی فوائددے۔سردار یاسر الیاس خان نے اعلان کیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری آئندہ ہفتوں میں پاشا کے تعاون سے سافٹ ویئر کمپنیوں کی تشہیر کے لئے آئی ٹی نمائش کا اہتمام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آئی ٹی کمپنیوں کے مسائل متعلقہ وزارتوں میں حل کرانے میں تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں کے مسائل کو سنے اور تاجروں کو پالیسی سازی کے عمل میں شامل کریں کیونکہ اس وقت سرکاری اور نجی شعبے کے درمیان خلا ہے جسے پر کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر عثمان ناصر نے فضل سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک تیار کرنے اور اسے ایک اعلیٰ پیداواری صنعت میں تبدیل کرنے کے فضل انڈسٹری کے ویژن کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں ٹیکنالوجی پارکس قائم کرنے کے لئے پرعزم ہے جس سے آئی ٹی انڈسٹری کو بہتر فروغ ملے گا۔
پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس ایسوسی ایشن کے چیئرمین برقان سعید نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو اپنی برآمدات میں اضافہ کرنے کی اشد ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں آئی ٹی انڈسٹری بہتر کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کو فرو غ دینے سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے اور زیادہ روزگار پیدا کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔