کراچی:پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گذشتہ ہفتے ملا جلا رجحان رہا
کے ایس ای100انڈیکس 45900پوائنٹس سے گھٹ کر45800پوائنٹس پر آگیا
کراچی(ویب نیوز)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گذشتہ ہفتے ملا جلا رجحان رہا ،کے ایس ای100انڈیکس 45900پوائنٹس سے گھٹ کر45800پوائنٹس پر آگیا تاہم مارکیٹ کے سرمائے میں 7ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 53.48فیصد حصص کی قیمتیں بھی گر گئیں۔خام تیل کی عالمی قیمتوں پر دبائو اور نئے صدر کی تقریب حلف برداری کے موقع پر امریکہ کے حالات میں کشیدگی کے خطرات ،سپلائر کی جانب سے فروری میں پاکستان کو ایل این جی کی سپلائی دینے سے معذرت کی خبریں ، آنیوالے دنوں میں گیس بحران کی شدت مزید بڑھنے سے صنعتی پیداواری سرگرمیاں اور برآمدت متاثر ہونے کے خدشات نے بھی سرمایہ کاری کے بیشتر شعبوںکواضطراب سے دوچار کئے رکھا ،جی 20اور پیرس کلب کی جانب سے قرضوں کی ادائیگیاں مئوخر ہونے کے باوجود پاکستان کے بیرونی قرضوں میں مسلسل اضافے کے رجحان اور ایک سال میں بیرونی قرضوں کا حجم 3700ارب روپے بڑھنے کی اطلاعات ،متحدہ عرب امارات کو قرضوں کی ادائیگی کیلئے دبائو جیسے عوامل اسٹاک مارکیٹ کیلئے مندی کا سبب بنے جس کی وجہ سے 3دن مندی کے اثرات غالب آنے سے انڈیکس 547.03پوائنٹس لوز کر گیا تاہم ملک میں دسمبر کے دوران 196ملین ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری اور آنیوالے دنوں میں کورونا کیسز میں کمی جیسے عوامل پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے 2دن تیزی رہی اس دوران کے ایس ای100انڈیکس 484.07پوائنٹس بڑھ گیا۔کاروبار کے لحاظ سے ٹی آر جی پاک لمیٹڈ ،فوجی فوڈز لمیٹڈ ،کے الیکٹرک لمیٹڈ ،ہم نیٹ ورک ،یونٹی فوڈز لمیٹڈ ،جہانگیرصدیق کمپنی ،پاک ریفائنری،ورلڈ کال ٹیلی کام ،کوٹ ادو پاور ،فیصل بینک ،سامبا بینک ،فوجی فرٹیلائزر بن قاسم ،ٹیلی کارڈ لمیٹڈ ،پاور سیمنٹ ،سلک بینک ،لوٹے کیمیکل ،پاک انٹر نیشنل بلک ،الشہیر کارپوریشن ،ازگارڈن نائن اورانویسٹ بینک سر فہرست رہے۔ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے کے ایس ای100انڈیکس میں62.96پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی جس سے کے ایس ای100انڈیکس 45931.00پوائنٹس سے کم ہو کر45868.04پوائنٹس ہو گیا جبکہ 18.66پوائنٹس کی کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 19109.64پوائنٹس سے کم ہو کر19060.98پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ ایس ای آل شیئرز انڈیکس31914.59پوائنٹس سے گھٹ کر31840.92پوائنتس پر آگیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری اتار چڑھائوکے باوجودمارکیٹ کے سرمائے میں 7ارب53کروڑ39لاکھ42ہزار914روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 83کھرب7ارب 77کروڑ77لاکھ18ہزار273روپے سے بڑھ کر83کھرب15ارب 31کروڑ16لاکھ61ہزار187روپے ہو گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے زیادہ سے زیادہ 21ارب روپے مالیت کے54کروڑ36لاکھ45ہزار حصص کے سودے ہوئے جبکہ کم سے کم15ارب روپے مالیت کے43کروڑ6لاکھ28ہزار حصص کے سودے ہوئے تھے۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس46142.75پوائنٹس کی بلند سطح کو چھو گیا تھا تاہم مندی کی وجہ سے انڈیکس ایک موقع پر45546.15پوائنٹس کی کم ترین سطح پر بھی دیکھا گیا تھا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گذشتہ ہفتے مجموعی طور پر 2038کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے857کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،1093میں کمی اور88کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔