اسلام آباد (ویب ڈیسک)
کورونا کیسوں کے باعث پاکستان، بھارت، امریکا سمیت 20 ممالک کے شہریوں کی سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق پابندی عارضی طور پر لگائی گئی ہے، عمل درآمد آج سے ہوگا۔ سفارتکار، ہیلتھ ورکرز اور ان کے اہل خانہ پابندی سے مستثنیٰ ہونگے۔
متحدہ عرب امارت، ارجنٹائن، جرمنی، انڈونیشیا کے شہریوں کی بھی سعودی عرب آمد پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
ادھر ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے مسافروں کی آمد پر آج سے دوبارہ پابندی عائد کردی ہے، پابندی کورونا وائرس کی نئی لہر کے تناظر میں لگائی گئی ہے، پابندی کے باعث کوئی مسافر پاکستان سے سعودی عرب کا سفر نہیں کرسکے گا۔
ترجمان پی آئی اے کا مزید کہنا ہے کہ سعودی عرب سے پاکستان آنے والے مسافروں کو واپس لانے کیلئے پروازیں جاری رکھی جائیں گی۔